چائے صحت  کی  خاموش دشمن، جانیے اس کے ممکنہ نقصانات

چائے صحت کی خاموش دشمن، جانیے اس کے ممکنہ نقصانات


کیا آپ جانتے ہیں کہ چائے کا حد سے زیادہ استعمال آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے؟ چائے کی پتیوں میں اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ کیفین، ٹیننز اور مائیکرو منرلز بھی شامل ہوتے ہیں۔

اگر ان کا زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ مختلف طبی مسائل پیدا کر سکتے ہیں، جیسے ہاضمے کی خرابیاں، سر درد، بے چینی، اور نیند کی خرابی۔

ہیلتھ لائن کے مطابق ایک تحقیق میں ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جو روزانہ 10 کپ سے زیادہ چائے پیتے ہیں۔

ان میں آئرن کی کمی، نیند میں خلل، سر درد اور بلڈ پریشر میں اضافہ جیسے مسائل سامنے آئے۔

تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ صبح یا شام کی چائے ترک کر دیں۔ جیسے شراب یا سگریٹ کی لت کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔

اسی طرح چائے پینے کی عادت میں بھی توازن رکھنا ضروری ہے۔چائے میں موجود ٹیننز آئرن کو جسم میں جذب ہونے سے روکتے ہیں۔

خاص طور پر نان ہیم آئرن جو پودوں سے حاصل ہوتا ہے۔ سبزی خور افراد اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ ان کی آئرن کی بنیادی خوراک پھلیاں، دالیں اور سبزیاں ہوتی ہیں۔

اگر آپ کھانے کے فوراً بعد چائے پیتے ہیں اور آئرن کی کمی یا تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں تو چائے کو کھانے کے ایک گھنٹے بعد پینے کی عادت اپنائیں۔

کالی چائے کے ایک کپ میں 40 سے 60 ملی گرام کیفین ہوتی ہے، جبکہ سبز چائے میں بھی اتنی ہی مقدار ہو سکتی ہے۔

روزانہ 400 ملی گرام سے زائد کیفین لینے سے دل کی دھڑکن تیز، ہاتھوں کا کانپنا اور نیند میں خلل جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔

کچھ افراد چائے کے معمولی استعمال سے بھی بے چینی محسوس کرتے ہیں، جو ان کی حساسیت پر منحصر ہوتا ہے۔

حمل کے دوران کیفین کی زیادتی بچے کی نشوونما پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، مثلاً کم وزن یا اسقاط حمل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ حاملہ خواتین روزانہ 200 ملی گرام سے زیادہ کیفین نہ لیں، جو تقریباً تین چھوٹے کپ چائے کے برابر ہے۔

تحقیقات کے مطابق کیفین جسم سے پیشاب کے ذریعے کیلشیم کا اخراج بڑھاتی ہے۔ وقت کے ساتھ یہ ہڈیوں کو کمزور کر سکتی ہے۔

خاص طور پر ان افراد میں جو پہلے ہی کم کیلشیم والی خوراک لیتے ہیں۔ کیفین عارضی طور پر بلڈ پریشر بڑھا سکتی ہے اور کچھ افراد میں دل کی دھڑکن کو تیز کر سکتی ہے۔

چائے یقیناً ایک لذیذ اور فرحت بخش مشروب ہے، لیکن اس کا بے دریغ استعمال صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

دن میں 2 سے 3 کپ چائے کافی ہے، اور اس کا استعمال متوازن رکھ کر آپ چائے کے فوائد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، بغیر کسی نقصان کے۔



Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top