پیدائشی نابینا افراد کی بینائی بحال کرنے والی ڈیوائس تیار

پیدائشی نابینا افراد کی بینائی بحال کرنے والی ڈیوائس تیار


ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ان کی کمپنی نیورالنک کی ایک تجرباتی ڈیوائس کی منظوری دے دی ہے۔

بلائنڈ سائٹ نامی اس ڈیوائس کے بارے میں ایلون مسک کا دعویٰ ہے کہ اس کی مدد سے پیدائشی نابینا افراد بھی عام افراد کی طرح دیکھ سکیں گے۔

ایلون مسک کی یہ کمپنی پہلے ہی 2 مفلوج افراد کے دماغ میں کمپیوٹر چپ کامیابی سے نصب کرچکی ہے جو اپنے دماغی خیالات سے مختلف کام کرنے کے قابل ہوگئے ہیں۔

ایلون مسک نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا کہ نیورالنک کی برائٹ سائٹ ڈیوائس سے دونوں آنکھوں سے محروم ہونے والے افراد بھی دنیا کو دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ درحقیقت اس ڈیوائس سے وہ افراد بھی دیکھنے کے قابل ہو جائیں گے جو پیدائشی نابینا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس سے پہلے بینائی معمولی حد تک درست ہوگی مگر بتدریج قدرتی بینائی بہتر ہوگی اور آپ انفراریڈ، الٹرا وائلٹ اور ریڈار ویو لینتھ کو بھی دیکھنے کے قابل ہو جائیں گے۔

انہوں نے ایکس پوسٹ میں سائنس فکشن ٹی وی سیریز اسٹار ٹریک کے ایک کردار کی تصویر بھی شیئر کی جو پیدائشی نابینا ہوتا ہے مگر مختلف ڈیوائسز استعمال کرکے دیکھنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایف ڈی اے نے Breakthrough Device Designation کے طور پر بلائنڈ سائٹ کی منظوری دی ہے۔

ایف ڈی اے کی جانب سے Breakthrough Device Designation ایسی مخصوص طبی ڈیوائسز کو قرار دیا جاتا ہے جو جان لیوا امراض کے علاج یا تشخیص کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

نیورالنک کی جانب سے مزید 8 مریضوں کے دماغ میں چپ نصب کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top