ٹوائلٹ میں فون استعمال کرنا؟ ہوشیار ہو جائیں، یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے

ٹوائلٹ میں فون استعمال کرنا؟ ہوشیار ہو جائیں، یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے


یقین کرنا مشکل ہوگا مگر موجود عہد میں متعدد افراد ٹوائلٹ میں اسمارٹ فونز کا استعمال کرنے کے عادی ہوچکے ہیں۔

ویسے تو یہ عادت بے ضرر محسوس ہوتی ہے مگر اب اس کا ایک بہت بڑا نقصان دریافت ہوا ہے۔ یہ عادت آپ کو بواسیر جیسے تکلیف دہ مرض کا شکار بناسکتی ہے۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹوائلٹ میں فون پر اسکرولنگ کرتے ہوئے وقت گزارنا آپ کو بواسیر کا شکار بناسکتا ہے۔ اس کی وجہ فون کا استعمال نہیں بلکہ ٹوائلٹ میں زیادہ وقت تک بیٹھے رہنا ہے۔ اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد ٹوائلٹ میں اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں، ان میں بواسیر کے کیسز کی شرح دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ بواسیر کے مرض میں کولہوں اور اس کے اردگرد کی رگیں دباؤ کے باعث سوج کر پھیل جاتی ہیں، جس سے خارش، تکلیف اور جریان خون جیسی علامات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ماہرین کی جانب سے پہلے ہی یہ خیال ظاہر کیا جاچکا ہے کہ ٹوائلٹ میں فون استعمال کرنے سے بوایسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ مگر اس تحقیق میں اس خیال کو ٹھوس شواہد سے درست ثابت کیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ ٹوائلٹ میں فون استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوتا اور یہ اسکرولنگ صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا ایپس کا بنیادی مقصد ہمارا دھیان بھٹکانا ہوتا ہے، تاکہ ہمیں وقت کا احساس نہ ہو اور ہم ان کے الگورتھم کے عادی ہو جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے سمجھنا شروع کیا ہے کہ اسمارٹ فونز کس طرح ہماری زندگیوں کے مختلف پہلوؤں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں 125 بالغ افراد کو شامل کیا گیا اور کولونو اسکوپی اسکریننگ کی گئی جبکہ ان کی ٹوائلٹ کی عادات کے بارے میں تفصیلات سروے کے ذریعے حاصل کی گئیں۔
سروے میں 66 فیصد افراد نے تسلیم کیا کہ وہ اکثر ٹوائلٹ میں فون استعمال کرتے ہیں اور وہ عام طور پر کافی وقت وہاں اسکرولنگ کرتے ہوئے گزارتے ہیں۔ نتائج میں دریافت ہوا کہ اس عادت کے نتیجے میں بواسیر سے متاثر ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

درحقیقت ٹوائلٹ میں 5 منٹ سے زیادہ وقت گزارنے پر ہی یہ خطرہ 7 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ عام طور پر بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کی عادت کو بواسیر کے خطرے سے منسلک کیا جاتا ہے، مگر یہ خطرہ ٹوائلٹ میں زیادہ وقت تک بیٹھنے سے مزید بڑھ جاتا ہے۔

اگرچہ اس تحقیق میں 45 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا گیا مگر محققین کے مطابق نتائج کا اطلاق نوجوانوں پر بھی ہوتا ہے، کیونکہ وہ فونز کو ہر جگہ اپنے ساتھ لے جانے کے عادی ہوتے ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top