برگر کو عام طور پر کسی بھی ریسٹورینٹ کی ایک سادہ اور نسبتاً سستی ڈش سمجھا جاتا ہے، مگر اب دنیا کے مختلف ہوٹلوں اور کھانوں کے مراکز نے حد سے زیادہ مہنگے برگر تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
حال ہی میں اسپین کے ریسٹورینٹ ایسادور آوپا میں دنیا کا سب سے مہنگا برگر تیار کیا گیا ہے، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ریسٹورینٹ میں جا کر آپ اسے رقم دے کر بھی نہیں خرید سکتے۔
اس خاص برگر سے لطف اندوز ہونے کا موقع صرف اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہیں ریسٹورینٹ خود دعوت دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس منفرد اور مہنگے برگر کی تیاری میں تقریباً آٹھ سال کی تحقیق اور تجربہ شامل ہے، تاہم اس میں استعمال ہونے والے اجزاء کو راز میں رکھا گیا ہے۔
دنیا کے اس مہنگے ترین برگر کو اسپین کے علاقے کیتالونیا میں کھانے کے مشہور انداز باسک پکوان کے ماہر شیفس نے تیار کیا ہے۔
یہ برگر دنیا کے تین بہترین اقسام کے گوشت، یورپ کے خاص پنیر اور ایک منفرد چٹنی کے امتزاج سے تیار کیا گیا ہے، جو اسے واقعی غیر معمولی بناتا ہے۔
قیمت کیا ہے؟
اس مہنگے ترین برگر کی قیمت 11 ہزار امریکی ڈالر (31 لاکھ 5 ہزار 110 پاکستانی روپے) ہے لیکن اس برگر کو کھانے کیلئے آپ کے پاس لاکھوں روپے ہونے کے ساتھ ریسٹورینٹ کی جانب سے بھیجا گیا دعوت نامہ بھی ہونا ضروری ہے۔
ریزرویشن کے بجائے انویٹیشن ضروری
اس خاص برگر کی ریزرویشن ممکن نہیں کیونکہ اس کیلئے ریسٹورینٹ کا دعوت نامہ ضروری ہے، ریسٹورینٹ خود اپنے من پسند افراد کو برگر سے لطف اندوز ہونے کیلئے منتخب کرتا ہے۔
اگر آپ بھی اس مہنگے ترین برگر سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو ریسٹورینٹ کی ویب سائٹ پر جاکر اس کیلئے ایپلیکیشن جمع کروانی ہوگی جس کے بعد ریسٹورینٹ اس درخواست پر کارروائی کرے گا۔