عموماً بڑی عمر کے افراد دل کے آپریشن سے گزرتے ہیں مگر ڈاکٹروں نے نومولود کا کامیابی سے بائی پاس آپریشن کر لیا۔
فطرت کے تقاضوں کو نظر انداز کرنے، غیر صحتمند جنک فوڈ کے زیادہ استعمال اور سست زندگی کے باعث اب کم عمر بچوں میں بھی ہارٹ اٹیک کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
تاہم اب بھی دل کے سنگین مسائل اور آپریشن کا مسئلہ بڑی عمر کے لوگوں کو درپیش ہوتا ہے۔
تاہم سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے ایک نومولود کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری (بائی پاس آپریشن) کر کے ماں کی گود سونی ہونے سے بچا لی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 10 دن کے نومولود کا اپنی نوعیت کا انتہائی حساس اور پیچیدہ آپریشن مکہ مکرمہ کے امراض اطفال اسپتال میں کیا گیا۔
ساڑھے تین کلو وزن کے حامل نومولود سانس کی شدید تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تھا۔
بچے کی حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر اس کو مصنوعی تنفس لگایا اور مرض جانچنے کے لیے اس کا الٹرا ساؤنڈ کیا تو معلوم ہوا کہ اس کی دل کی شریان پیدائشی طور پر تنگ ہے۔
جس کی وجہ سے اسکو مناسب مقدار میں آکسیجن کی فراہمی نہیں ہو پا رہی۔
مرض کی نوعیت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طورپر بچے کا آپریشن کرنے کا فیصلے کیا اور یہ انتہائی پیچیدہ اور حساس آپریشن کرنے میں چار گھنٹے سے زائد وقت لگا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن اس لیے بھی بہت نازک تھا کہ نومولود صرف 10 دن کا تھا اور اس کی دل کی شریانیں بہت نازک اور چھوٹی تھیں۔
اسپتال عملے کے بعد آپریشن کی کامیابی کے بعد اب بچے کی حالت بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے اور اس کے دل کو 90 فیصد تک آکسیجن بحال ہو گئی ہے۔