بڑھاپے سے بچنا ممکن نہیں اور آپ عمر میں اضافے سے جِلد پر مرتب ہونے والے اثرات کو نہیں روک سکتے۔
اگرچہ جِلد پر عمر سے مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے جینز اہم کردار ادا کرتے ہیں مگر طرز زندگی کی چند عادات بھی اہم ہوتی ہیں۔ جھریاں خاص طور پر آنکھوں اور ہونٹوں کے گرد جھریاں بڑھاپے کی ابتدائی نشانیوں میں سے ایک ہے۔
تو ایسی عادات کے بارے میں جانیں جن کے ذریعے آپ عمر میں اضافے کے ساتھ جِلد کو ہموار اور جگمگا کر رکھنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
سورج کی روشنی سے خود سے بچائیں
سورج کی روشنی جِلد کو قبل از وقت بڑھاپے کا شکار بنانے والی اہم ترین وجوہات میں سے ایک ہے۔ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے کولیگن اور elastin نامی مرکبات کو نقصان پہنچتا ہے جس سے جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ روزانہ گھر سے باہر نکلتے ہوئے سن اسکرین کا استعمال ضرور کریں تاکہ جِلد کو طویل المعیاد بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
درست غذا کا انتخاب
وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور غذا جِلد کی صحت کے لیے اہم ہوتی ہے۔ پھلوں، سبزیوں اور گریوں کا زیادہ استعمال جسم میں گردش کرنے والے زہریلے اثرات سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مچھلی، اخروٹ اور پالک وغیرہ میں پائے جانے والے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے جسمانی ورم کم ہوتا ہے اور جِلد کی لچک برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
پانی پینا مت بھولیں
جسم میں پانی کی مناسب مقدار سے جِلد صحت مند اور چمکدار رہتی ہے۔ پانی کی مناسب مقدار کے استعمال سے جسم سے زہریلا مواد خارج ہوتا ہے، خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور جِلد کی نمی برقرار رہتی ہے۔ اس کے مقابلے میں جب جِلد کو ڈی ہائیڈریشن کا سامنا ہوتا ہے تو جھریاں ابھرنے اور اس کے لٹکنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ورزش کریں
ورزش کو معمول بنانے سے نہ صرف صحت کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ جِلد کو جگمگا کر رکھنا بھی ممکن ہوتا ہے۔ جسمانی سرگرمیوں سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے، اعضا کو آکسیجن اور غذائی اجزا کی فراہمی بڑھتی ہے جس سے کولیگن زیادہ بنتا ہے اور جِلد کی لچک برقرار رہتی ہے۔ ورزش سے تناؤ کی سطح کو کم رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے اور تناؤ جِلد کی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔
تناؤ کو کنٹرول کریں
دائمی تناؤ بڑھاپے کی جانب سفر کی رفتار بڑھا دیتا ہے اور جِلدی مسائل جیسے کیل مہاسوں اور چنبل کا خطرہ بڑھتا ہے۔ جسم میں تناؤ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی مقدار بڑھنے سے کولیگن اور دیگر مرکبات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور قبل از وقت بڑھاپے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اچھی نیند کو یقینی بنائیں
نیند کے دوران ہمارا جسم جِلد سمیت دیگر اعضا کی مرمت کرتا ہے جبکہ نیند کی کمی سے یہ عمل متاثر ہوتا ہے۔ یہ عمل متاثر ہونے سے جِلد روکھی ہو جاتی ہے اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نظر آنے لگتے ہیں۔
تمباکو نوشی سے بچیں
ایک سگریٹ میں 5 ہزار سے زائد کیمیکلز ہوتے ہیں جو نقصان دہ ہوتے ہیں اور جِلد کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ تمباکو نوشی کو عادت بنانے سے جِلد کی قدرتی سرخی گھٹ جاتی ہے جبکہ جِلد کی رنگت بھی متاثر ہوتی ہے اور جھریاں نمودار ہو جاتی ہیں۔