اگر آپ سافٹ ڈرنکس پینے کے شوقین ہیں تو یہ عادت جگر کے عام ترین عارضے کا شکار بناسکتی ہے۔ درحقیقت روزانہ صرف ایک ڈائٹ سوڈا کا استعمال جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے کا خطرہ 60 فیصد بڑھا دیتا ہے۔ اسی طرح روزانہ چینی سے تیار کردہ ایک سافٹ ڈرنک کا استعمال اس مرض سے متاثر ہونے کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔ یہ بات چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جگر پر چربی چڑھنے کا مرض ایک دائمی عارضہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔ عام طور پر اس بیماری کے لیے نان الکحلک فیٹی لیور ڈیزیز یا میٹابولک ڈس فنکشن ایسوسی ایٹڈ اسٹیٹوٹک لیور ڈیزیز (ایم اے ایس ایل ڈی) کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے اور یہ جگر کے امراض کی عام ترین قسم ہے۔
اس بیماری کے دوران جگر بہت زیادہ مقدار میں چربی ذخیرہ کرنے لگتا ہے اور اس کا علاج نہ ہو تو اس کے افعال تھم جاتے ہیں۔ جگر کی اس بیماری کے نتیجے میں میٹابولک امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
Soochow یونیورسٹی کے First Affiliated ہاسپٹل کی اس تحقیق میں لگ بھگ ایک لاکھ 24 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ یہ ڈیٹا یوکے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا تھا اور تحقیق کے آغاز میں وہ سب جگر کے امراض سے محفوظ تھے۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا جس دوران سوالنامے بھروا کر معلوم کیا گیا کہ وہ کس طرح کے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں اور کتنی مقدار میں پیتے ہیں۔ ڈائٹ یا میٹھی سافٹ ڈرنکس اور جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے میں تعلق کے ساتھ ساتھ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان مشروبات کی جگہ پانی کو دینے سے اس مرض کا خطرہ 13 سے 15 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ میٹھے مشروبات میں موجود چینی کی زیادہ مقدار سے جسم میں بلڈ گلوکوز اور انسولین کی سطح میں برق رفتاری سے اضافہ ہوتا ہے، جس سے جسمانی وزن بڑھتا ہے اور جگر میں چربی جمع ہونے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔ اسی طرح ڈائٹ مشروبات میں کیلوریز کی مقدار تو کم ہوتی ہے مگر پھر بھی ان سے جگر کی صحت متاثر ہوتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ ڈائٹ مشروبات سے معدے میں موجود بیکٹیریا میں تبدیلیاں آتی ہیں، پیٹ بھرنے کا احساس متاثر ہوتا ہے جبکہ انسولین بننے کا عمل متحرک ہو جاتا ہے، جس سے بتدریج جگر پر چربی جمع ہونے لگتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹھے مشروبات کے حوالے سے تو پہلے ہی معلوم تھا کہ ان سے جگر کی صحت متاثر ہوتی ہے مگر ڈائٹ مشروبات کو اکثر صحت مند انتخاب تصور کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مگر ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈائٹ مشروبات سے بھی جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، یہاں تک کہ روزانہ صرف ایک مشروب کا استعمال بھی اس مرض کا شکار بناسکتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ ڈائٹ مشروبات کے استعمال سے جگر کے امراض سے موت کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج European Society of Gastrointestinal Endoscopy کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔