ہم میں سے اکثر اپنی صبح کا آغاز ایک کپ گرم چائے کے ساتھ کرتے ہیں۔ عموماً چائے پینے کے بعد بچی ہوئی پتی کو سیدھا کوڑے دان میں پھینک دیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ بچی ہوئی چائے کی پتی روزمرہ زندگی میں کئی طریقوں سے فائدہ مند ہو سکتی ہے؟
ماہرین کے مطابق، بچی ہوئی چائے کی پتی نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ اسے مختلف طریقوں سے دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں 6 آسان اور دلچسپ طریقے جن کے ذریعے آپ چائے کی بچی ہوئی پتی کو دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔
ایئر فریشر کے طور پر
اس کا سب سے آسان اور فوری استعمال گھر کی بدبو دور کرنا ہے۔ بچی ہوئی چائے کی پتی کو ایک چھوٹے پیالے میں فریج میں رکھیں تاکہ کھانے کی تیز بو دور ہو جائے یا اسے جوتوں میں ڈالیں تاکہ تازگی آئے۔
مزید برآں، چائے کی پتی کو کپڑے کے چھوٹے بیگ یا ساشے میں ڈال کر الماریوں اور الماری کے درازوں میں رکھا جا سکتا ہے، جس سے کپڑوں اور کمرے کی خوشبو دیر تک تازہ رہتی ہے۔
یہ نہ صرف فضا کو خوشبودار بناتا ہے بلکہ کیمیکلز کے بغیر قدرتی اور ماحول دوست طریقہ بھی ہے۔
بچی ہوئی چائے کی پتی کو شہد یا دہی کے ساتھ ملا کر ایک قدرتی اسکرب تیار کریں۔
یہ مردہ جلد کو صاف کرتی ہے، جلد کو نرم اور تازہ بناتی ہے اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور چائے جلد کو ریفریش کرتی ہے۔
بالوں کے لیے فائدہ مند
چائے کی پتی سے بالوں کے لیے قدرتی کنڈیشنر بنایا جا سکتا ہے۔ پتی کو پانی میں ابالیں، چھان کر ٹھنڈا ہونے دیں اور شیمپو کے بعد بالوں پر ڈالیں۔
یہ بالوں کو چمکدار بناتا ہے، خشکی کم کرتا ہے اور بالوں کو قدرتی طور پر نرم کرتا ہے۔
چکنے برتن صاف کریں
خشک چائے کی پتی برتنوں کی صفائی میں بھی مفید ہے۔ یہ ہلکی رگڑدیتی ہے، جس سے دیگچی، پین اور چولہے کے داغ آسانی سے صاف ہو جاتے ہیں، اور کیمیکلز کے بغیر صفائی ممکن ہوتی ہے۔
قالین اور کارپٹ کی بو دور کریں
چائے کی پتی کارپٹ یا قالین کی بدبو دور کرنے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ خشک پتی کو قالین پر چھڑکیں، 15 منٹ کے لیے چھوڑیں، اور پھر ویکیوم کریں۔ قالین صاف اور تازہ محسوس ہوگا۔
قدرتی رنگ بنانے کے لیے
چائے کی پتی قدرتی رنگ بنانے میں بھی مددگار ہے۔ بچی ہوئی پتی کو دوبارہ ابالیں اور ہلکا بھورا رنگ حاصل کریں، جسے کپڑے، کاغذ یا حتیٰ کہ انڈوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ رنگین ٹونز دستکاری اور وِنٹیج لک کے لیے بہترین ہیں۔
چائے کی پتی کو ضائع کرنے کے بجائے، اس کے یہ چھوٹے مگر کارآمد استعمال زندگی کو زیادہ ماحول دوست اور تخلیقی بنا سکتے ہیں۔