انسداد ڈینگی مہم کے دوران غفلت پر 12 افراد کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں انسداد ڈینگی مہم کے دوران غفلت، غیر حاضری اور غیر ذمہ داری کا انکشاف ہونے کے بعد محکمہ صحت نے بارہ خواتین و مرد ورکرز، اور سپر وائزرز کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی نے ملازمین کی برطرفی کے احکامات جاری کر دیے، برطرف کیے جانے والے ملازمین میں 5 خواتین سینیٹری پیٹرولز بھی شامل ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ملازمین کو ڈینگی مہم میں مسلسل غیر حاضری پر برطرف کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوبیس گھنٹوں کے دوران محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق 16 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پیر کو محکمہ موسمیات نے 20 ستمبر سے ڈینگی پھیلنے کا الرٹ بھی جاری کیا ہے، جس میں عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی اور بارشوں سے ڈینگی وبا کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گیا ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق اس سال ڈینگی کے شدید ترین پھیلاؤ کا خدشہ ہے جب کہ ڈینگی مچھر صبح سورج نکلنے کے بعد اور شام سورج ڈھلنے سے پہلے سب سے زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری، نمی 60 فی صد اور بارش 27 ملی میٹر ڈینگی کے پھیلاؤ کا باعث بنتی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں ٹھہرا ہوا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے خطرناک ہے۔