آم روزانہ کھانے کے حیرت انگیز فوائد جانئے

آم روزانہ کھانے کے حیرت انگیز فوائد جانئے


ویسے تو خیال کیا جاتا ہے کہ آم کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔ مگر امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں پھلوں کے بادشاہ کو کھانے کا ایک حیرت انگیز فائدہ سامنے آیا ہے۔ جارج میسن یونیورسٹی کی تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ جن افراد میں ذیابیطس کا خطرہ ہوتا ہے، وہ اگر آم کھاتے ہیں تو بلڈ شوگر کی سطح بہتر ہوتی ہے۔

درحقیقت تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ جو افراد ہائی بلڈ شوگر کے شکار ہوتے ہیں مگر ذیابیطس سے محفوظ ہوتے ہیں، وہ آموں کے ذریعے اس بیماری سے خود کو بچا سکتے ہیں۔
ایک آم میں 50 گرام تک مٹھاس موجود ہوتی ہے مگر اس میں موجود دیگر غذائی اجزا بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں شامل افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ میں شامل افراد کو روزانہ آموں کا استعمال کرایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو کم چینی والی granola بار کھانے کی ہدایت کی گئی۔ 6 ماہ تک اس معمول کو برقرار رکھا گیا، جس دوران ان افراد کے بلڈ گلوکوز کی سطح، انسولین پر جسم کے ردعمل اور جسمانی چربی کو جانچا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ زیادہ میٹھے آم کھانے والے افراد کو granola بار والے گروپ کے مقابلے میں زیادہ فائدہ ہوا۔ تحقیق کے مطابق روزانہ آم کھانے والے افراد کا جسم بلڈ گلوکوز کو زیادہ مؤثر انداز سے کنٹرول کرنے لگا، انسولین کی حساسیت بڑھ گئی جبکہ جسمانی چربی کی سطح میں کمی آئی۔

محققین نے بتایا کہ صرف چینی یا مٹھاس نہیں بلکہ کسی غذا میں موجود مجموعی اجزا اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس تحقیق میں باقاعدہ کلینیکل ٹرائل کے ذریعے ثابت کیا گیا کہ آموں کا استعمال ہائی بلڈ شوگر کے شکار افراد کی میٹابولک اور جسمانی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

اس سے قبل جون 2025 میں جرنل آف دی امریکن نیوٹریشن ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ 330 گرام آم کھانے والی درمیانی عمر کی خواتین میں بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح گھٹ جاتی ہے جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ آم کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں بہت زیادہ تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔ اس تحقیق میں 50 سے 70 سال کی عمر کی 24 خواتین کو شامل کیا گیا تھا جو موٹاپے یا اضافی جسمانی وزن کی مالک تھیں۔ 2 ہفتوں تک ان خواتین کو روزانہ ڈیڑھ کپ آموں کا استعمال کرایا گیا اور کئی بار لیبارٹری میں ان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دیگر جسمانی ڈیٹا کو اکٹھا کیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے آموں کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ یہ پھل فائبر، اینٹی آکسائیڈنٹس اور ایسے بائیو ایکٹیو اجزا سے لیس ہوتا ہے جو دل کی صحت کے لیے مفید تصور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا تھا کہ آم کھانے سے بلڈ پریشر اور خون میں چکنائی کی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے اختتام پر دریافت ہوا کہ آم کھانے کے 2 گھنٹے بعد خواتین کے بلڈ پریشر میں نمایاں کمی آتی ہے جبکہ شریانوں پر دباؤ بھی گھٹ جاتا ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top