خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق کانگو وائرس سے متاثر 2 افراد گزشتہ شب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں انتقال کر گئے۔
رواں سال خیبر پختونخوا میں کانگو وائرس کے 6 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جبکہ صوبے میں رواں سال کانگو وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں بھی گزشتہ دو روز کے دوران کانگو وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
26 سالہ متاثرہ شخص کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری کا رہائشی تھا۔ جسے اتوار کو جناح اسپتال سے سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جہاں وہ انتقال کر گیا۔
اس سے قبل 17 جون کو بھی کانگو سے متاثرہ ایک مریض جاں بحق ہوا۔ جو ملیر کا رہائشی تھا۔
ماہرین کے مطابق کانگو وائرس جان لیوا ہے۔ اور اس سے بچاؤ کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں۔
کانگو وائرس جانوروں سے انسان اور انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔ اس میں مسوڑوں، ناک، فضلے میں خون آتا ہے اور متاثرہ شخص کو تیز بخار کی علامات بھی ہوتی ہیں۔