بالی وڈ اداکار بوبی دیول نے اپنے والد، لیجنڈری اداکار دھرمیندرا کی نجی زندگی سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بوبی دیول نے واضح کیا کہ دھرمیندرا اکیلے زندگی نہیں گزار رہے بلکہ وہ اپنی پہلی اہلیہ پرکاش کور کے ساتھ کھنڈالہ کے فارم ہاؤس میں مقیم ہیں۔
بوبی دیول نے بتایا، ’’میری والدہ بھی وہیں والد کے ساتھ رہتی ہیں۔ اُنہیں فارم ہاؤس کی پرسکون فضا پسند ہے، وہاں کا کھانا انہیں بہت بھاتا ہے۔ وہ اب عمر کے اُس حصے میں ہیں جہاں سکون اور سادگی ان کے لیے سب سے اہم ہیں۔‘‘
انہوں نے والد کی اُس انسٹاگرام پوسٹ سے متعلق بھی وضاحت دی جس میں دھرمیندرا نے لکھا تھا کہ “دوریاں دلوں میں بڑھتی ہی جا رہی ہیں، کب ملے گا چھٹکارا ان غلط فہمیوں سے”۔
بوبی نے کہا، ’’پاپا بہت جذباتی انسان ہیں، وہ اپنے دل کی بات فوراً لکھ دیتے ہیں۔ میں جب اُن سے پوچھتا ہوں کہ ایسا کیوں لکھا، تو وہ کہتے ہیں کہ میں صرف دل کی سنتا ہوں۔‘‘
اپنی والدہ پرکاش کور کے حوالے سے بوبی دیول نے بتایا کہ وہ ہمیشہ لائم لائٹ سے دور رہی ہیں۔ ’’میری ماں ایک مضبوط خاتون ہیں۔ وہ ایک چھوٹے گاؤں سے آئی تھیں اور ایک سپر اسٹار کی بیوی کے طور پر شہر کی زندگی میں خود کو ڈھالنا اُن کے لیے آسان نہیں تھا، مگر انہوں نے ہر چیلنج کا بہادری سے سامنا کیا۔‘‘
واضح رہے کہ دھرمیندرا نے 1954 میں پرکاش کور سے شادی کی تھی جن سے ان کے چار بچے سنی دیول، بوبی دیول، وجیتا دیول اور اجیتا دیول ہیں۔ بعد ازاں 1979 میں انہوں نے اداکارہ ہیما مالنی سے شادی کی، جن سے ان کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہانہ دیول ہیں۔
دھرمیندرا کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے بعد ان کے اکیلے رہنے کی افواہیں گردش میں تھیں، تاہم بوبی دیول کے اس بیان نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔
بھارتی اداکار سنی دیول بی جے پی میں شامل