جیسے کہ ہم نیٹ ورک اپنے معیاری ڈراموں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے بالکل اسی طرح سے ہم فلمز کے بینر تلے پیش کی جانے والی فلمیں بھی انڈسٹری میں خاص حیثیت کی حامل ہیں۔ ہم فلمز ایک فلم پروڈکشن اور تقسیم کار کمپنی ہے جو ہم نیٹ ورک کے تحت کام کرتی ہے۔
اس کمپنی کا آغاز ستمبر2014میں کیا گیا تھا اور اسی سال اس کے بینر تلے فلم نامعلوم افراد پیش کی گئی ‘ بعد ازاں دل والے، صنم رے ، ہجرت، ماہ میر، تیری میری محبت کی کہانی، یلغار، ورنہ، مان جائو ناں، آزاد ،ٹک ٹک،نا بینڈ نہ باراتی، زیرو، سمبا، لیچ ، بن روئے، دل والے، بچانا، پرواز ہے جنون، دم مستم، سچ، سپر اسٹار، چھلاوہ‘ ریڈی اسٹیڈی نو سمیت بہت سی فلمیں پیش کی گئیں ۔
اس فلم کی جانب سے پاکستانی ہپ ہاپ سنسیشن طلحہ انجم، معروف فنکار عمران اشرف اور ہر دلعزیز کنزہ ہاشمی کی فلم ’’کٹر کراچی ‘‘ 20 دسمبر کو ملک بھر کے سینماوں میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی۔ اداکار عمران اشرف اور ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم میں اداکارہ کنزہ ہاشمی اور سید جمیل بھی اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں، مداحوں نے اس فلم کو بے حد پسند کیا ۔
کٹر کراچی ایک سنسنی خیز کرائم تھرلر ہے جس کی کہانی کراچی کے پررونق اور حقیقت پسندانہ ماحول کے گرد گھومتی ہے‘ فلم کے مناظر میں کراچی کی ثقافت کی ایک کی جھلک نظر آتی ہے۔عمران اشرف اس فلم میں روشنیوں کے شہر پر حکمرانی کرنے والے ایک “مافیا باس”کے روپ میں دکھائی دے رہے ہیں- دوسری طرف طلحہ انجم انتہائی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے نظر آرہے ہیں۔ فلم میں کنزہ ہاشمی کا انداز بھی روایتی کرداروں سے بالکل مختلف ہے۔شائقین کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کی کہانی کی شدت، کرداروں کی گہرائی اور کراچی کے گلی کوچوں کی عکاسی نے بے حد متاثر کیا ہے۔ایک پرجوش ساؤنڈ ٹریک، شاندار پرفارمنس اور عبدالولی بلوچ کی ڈائریکشن کے ساتھ کٹر کراچی ایک بہترین فلم ثابت ہوگی۔
فلم کے مرکزی کردار پاکستان میں اردو ریپ کے بانی طلحہ انجم ہیں جو پہلے ہی لاکھوں مداحوں اور اسپاٹیفائی پر ریکارڈ توڑنے والی اسٹریمز کے ساتھ میوزک انڈسٹری پر چھائے ہوئے ہیں۔موسیقی کے شعبے میں جھنڈے گاڑنے کے بعد طلحہ انجم نے فلم انڈسٹری کا رخ کیا ہے جہاں وہ اپنے فن کا مظاہرہ کررہے ہیں، طلحہ انجم کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی۔
اپنے بہت سے ہم عصروں کے برعکس وہ بے ہودہ زبان استعمال کرنے سے گریز کرتے ہیں اور زیادہ فکر انگیز اور شاعرانہ انداز اختیار کرتے ہیں۔2012 میں انہوں نے ساتھی فنکار طلحہ یونس کیساتھ مل کر “ینگ اسٹنرز “کی بنیاد رکھی اور”برگر کراچی” جیسے گانوں کے ذریعے سماجی اصولوں کو چیلنج کیا۔
عمران اشرف کا ’ تیرا دیوانہ‘ چھا گیا
طلحہ انجم کی موسیقی، خاص طور پر ان کے سولو البم اوپن لیٹر سے انہیں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی اور انہوں نے “اردو ریپ کے بانی” اور “موسٹ اسٹریمڈ آرٹسٹ” جیسے خطابات حاصل کئے۔ نوجوانوں میں انتہائی مقبول طلحہ انجم کے سوشل میڈیا پر 20 ملین سے زائد پرستا رہیں ۔فلم کٹر کراچی کے ذریعے فلموں میں اداکاری کا آغاز کرنے والے طلحہ انجم ایک ایسا کردار ادا کررہے ہیں جو اپنے علاقے کی حفاظت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگادیتا ہے ۔ان کے مقابل عمران اشرف ہیں‘ ان دنوں کرداروں کے درمیان تصادم اسکرین پر آگ لگانے کیلئے کافی ہے ۔
فلم کے حوالے سے طلحہ انجم کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان کی اپنی زندگی کے تجربات سے متاثر ہے۔ انہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کو اپنی خوش قسمتی قرار دیا۔
فلم میں عمران اشرف بطور ولن رونما ہوکر ایک بار پھر بڑے پردے پر بہت زیادہ متوقع کرائم تھرلر میں دھوم مچا رہے ہیں۔ بھولے کے مایہ ناز کردار سے مقبولیت حاصل کرنے والے عمران اشرف قبل ازیں دم مستم میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں جبکہ جلد ہی عمران اشرف کی بھارتی گلوکار و اداکار جسی گل کیساتھ بین الاقوامی کامیڈی کینیڈین پنجابی فلم “اینو رہنا سہنا نہیں آندا” کے منظر عام پر آنے کی خبریں عام ہیں۔ یاد رہے کہ اس فلم کی کہانی بھارتی نژاد کینیڈین روپن بال نے تحریر کی ہے اور اس کے ہدایت کار بھی وہ خود ہی ہیں۔
کنزہ ہاشمی کی یہ پہلی فلم ہے جب کہ قبل ازیں وہ بے شمار ڈراموں بشمول ادھورا ملن، زندگی مجھے تیرا پتا چاہئے، صلہ اور جنت، مورے سیاں، سنگسار، فریب، مور محل، محبت تم سے نفرت ہے، دلدل، رانی، لمحے، عشق تماشہ، تو عشق ہے، ہم اسی کے ہیں، رانی نوکرانی، سیرت، وفالازم تو نہیں، گل و گلزار ، دیوار شب، تیرا یہاں کوئی نہیں، اڑان، تم سے کہنا تھا، مہلت، آزمائش، دل آویز، وہم، ہوک، میرے بن جاو اور خوشبو میں بسے خط کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔ اس وقت کنزہ ہاشمی ہم ٹی وی کے ہم دونوں کی وفا کے روپ میں ناظرین کے دل جیت رہی ہیں۔
کنزہ ہاشمی کٹر کراچی میں تانیہ کے روپ میں ایک بالکل مختلف کردار میں سامنے آرہی ہیں، لوگوں کو ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ فلم کا ٹریلر دیکھنے والے فلم کی کامیابی کی بات کررہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ تین بڑے نام اور فلم کی مختلف اور دلچسپ کہانی ناظرین کی توقعات پر پورا اترے گی۔