مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے تحت تعلیم کیلئے فنڈ ریزنگ مہم

مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے تحت تعلیم کیلئے فنڈ ریزنگ مہم


مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے تحت امریکی شہر ہوسٹن میں فنڈ ریزنگ کی تقریب منعقد کی گئی۔

علم کی روشنی ہر خواب تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ روشنی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے امریکی شہر ہیوسٹن میں ایک شاندار فنڈ ریزنگ تقریب منعقد کی گئی۔ جس کی میزبانی مناہل درید نے کی۔ جبکہ فنڈ ریزنگ کے فرائض اداکارہ بشریٰ انصاری  نے انجام دیئے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں، فنکاروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان کے بچوں میں امید کے دئیے جلانے کے لیے مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن نے برسوں پہلے ایک شمع روشن کی تھی۔ جو آج بھی جگمگا رہی ہے۔

فنڈر ریزنگ مہم کی تقریب میں شریک فنکاروں نے کہا کہ مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن تعلیم اور انسانی بہبود کے جس مشن پر کام کر رہی ہے۔ یہ پاکستان کے غریب اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کے مستقبل کا ضامن  ہے۔

تقریب کے دوران مختلف فنکاروں نے اس نیک مقصد کے لیے عوام سے دل کھول کر تعاون کی اپیل بھی کی۔

ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن  کہ کہانی سناتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کے بانی درید قریشی کو بچپن ہی سے درس و تدریس کا شوق تھا۔ اور ان کا ہمیشہ سے خواب رہا کہ وہ تعلیم کے میدان میں عملی کردار ادا کریں۔ مومنہ درید فاؤنڈیشن اسی خواب کا حقیقی سفر ہے۔

ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا اگلا ہدف ایک ہزار پاکستان کے سرکاری اسکولوں کو اپنانا، ان کی تعمیرنو کرنا اور ان میں تعلیم کا معیار اس سطح تک لے جانا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بھی اعتماد کے ساتھ وہاں پڑھا سکیں۔

تقریب میں امریکہ کی معروف کاروباری شخصیت اور سماجی رہنما جاوید انور نے فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کے لیے 3 لاکھ ڈالر کے عطیے کا اعلان کیا۔ جس پر شرکاء نے زبردست تالیاں بجا کر ان کے جذبۂ خدمت کو سراہا۔

مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ عطیات پاکستان میں پسماندہ طبقوں میں علم کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اداکارہ بشری انصاری نے کہا کہ یہ بہت ہی اچھا کام ہے۔ اور ہمیشہ ہم ٹی وی اور ہم نیٹ ورک ایسا کام کرتا ہے جو دوسروں کو راستہ دکھاتا ہے۔ سلطانہ آپا چاہتی ہیں کہ وہ اگلے 50 سالوں کی پلاننگ کر لیں۔ اور فلم اکیڈیمی بنا لیں۔ مومنہ درید فاؤنڈیشن نے جو مل کر یہ خوبصورت کام کیا ہے میں سمجھتی ہوں بچوں کو پڑھانا ملک کے مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔

اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے۔ اور بڑا پرامید ہوں کہ یہ اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا کہ  یہ مقصد میرے دل کے بہت قریب ہے۔ مومنہ درید فاؤنڈیشن اس مقصد کو لے کر کام کر رہی ہے۔ اور اس لیے میں یہاں موجود ہوں۔

ادکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں اس مقصد کے لیے مزید لوگوں کی ضرورت ہے۔ جو اس طرح کے کام کر سکیں جب اللہ میاں ہمیں اتنا دیتا ہے۔ تو لازم ہے کہ ہم اسے واپس دیں۔

اعجاز اسلم نے کہا کہ ایک اچھے کام کے لیے، ایک اچھے مقصد کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ اور یہ جاری رہنے والا عمل ہے۔ یہ چھوٹا سا سسٹم تو ہے نہیں بہت بڑا سسٹم ہے جس کو چلانا ہوتا ہے۔

اداکار شجاع اسد نے کہا کہ عورتوں کے مستقبل پر کام ہو رہا ہے۔ اور عورتوں کی تعلیم پر کام ہو رہا ہے۔  پرانے اسکولز کی تعمیر نو کی جا رہی ہے۔ جو بہت اچھی ابتدا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کی ٹی وی پر واپسی، مداحوں کیلئے خوشخبری

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اپنے لیے تو زندگی میں بہت کچھ کر لیا۔ اور اب تعلیم کے لیے کچھ کرنا چاہیے۔ اور تعلیم انسان کا ایک بنیادی حق ہے۔ اس حوالے سے اچھے تعلیمی ادارے اور اچھی تعلیم ہو گی تو معاشرہ آگے بڑھے گا اور معیشت مضبوط ہو گی۔

رمشا خان نے کہا کہ عورتوں کی تعلیم پر بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔ اور یہ ہمارے پاکستان میں بہت ضروری ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top