لاہور: پاکستانی فلم “نیلوفر” کا پہلا گانا جاری کر دیا گیا۔ فلم 28 نومبر کو پاکستانی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی آنے والی رومانوی فلم “نیلوفر” کا پہلا گانا جاری کرنے کی تقریب لاہور میں منعقد کی گئی۔ جس کی میزبانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان نے کی۔
معروف فنکار یاسر حسین نے تقریب کو اپنے مخصوص انداز اور مزاح سے یادگار بنا دیا۔ تقریب میں فیشن، موسیقی اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

نیا پیش کیا گیا گانا فلم کا جذبانی محور ہے۔ جو شاعری اور دھن کو ایسے عشق کی کہانی میں بنتا ہے جو نظر اور الفاظ سے بالاتر ہے۔
جاری کیے گئے گانے کو وکی حیدر نے اپنی آواز میں پیش کیا۔ جبکہ اس گانے کی موسیقی ذیشان وکی حیدر اور شانی حیدر نے تیار کی۔ تقریب میں فلم کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔ جس نے حاضرین کو فلم کی ریلیز کے لیے بےتاب کر دیا۔
تقریب میں سیمی راحیل، زیب بنگش، نمیر خان، مورو، کین ڈول، ریشم سمیت دیگر اداکاروں نے بھی شرکت کی۔ جبکہ کئی معروف ڈیزائنر، سماجی شخصیت اور ابھرتے ہوئے نوجوان تخلیق کاروں نے بھی اپنے موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
فلم میں فواد خان ایک لکھاری کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ جبکہ ماہرہ خان کو نیلوفر کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔ جس میں انہوں نے نابینا لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر اداکار فواد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلوفر ایک ایسی کہانی ہے جو جذبات میں زندہ ہے۔ اور یہ گانا اس کی دھڑکن ہے۔ آج کی رات اس احساس کو ان سب کے ساتھ بانٹنے کی تھی جنہوں نے فلم کے سفر پر یقین کیا۔

ماہرہ خان نے کہا کہ یہ فلم ان کے لیے بہت ذاتی معنی رکھتی ہے۔ آج رات جب سب نے گانے پر اتنی جذباتی ردعمل ظاہر کیا۔ تو انہیں یاد آیا کہ ہم نے نیلو فر کیوں بنائی، یہ عشق کی سب سے خالص اور روحانی شکل کے بارے میں ہے۔

’نیلو فر‘ کی کہانی عمار رسول نے تحریر کی ہے اور وہی اس کے ہدایتکار بھی ہیں۔ فلم کو اوصاف شارق نے پروڈیوس کیا ہے۔ جبکہ فواد خان اور حسن خالد ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے طور پر شامل ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں فواد خان اور ماہرہ خان کے علاوہ عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، مدیحہ امام، ثروت گیلانی، گوہر رشید، فیصل قریشی، سامعہ ممتاز، راشد فاروقی، چاند برال، سیمی راحیل، عدیل ہاشمی، حرا ترین اور نوید شہزاد سمیت دیگر معروف اداکار شامل ہیں۔
فلم نیلوفر رواں سال 28 نومبر کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
