پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ فائزہ حسن نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں، ذاتی مشکلات اور شوبز میں درپیش منفی رویوں پر کھل کر بات کی ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شوبز کا آغاز چھوٹے کرداروں سے کیا، جن میں رحیم شاہ کے مشہور گانے کبھی پائل باجے کی ویڈیو بھی شامل ہے۔ فائزہ حسن کے مطابق انہیں کیریئر کے دوران کئی بار ریجیکشن کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا وقت بھی آیا جب مجھے ناک کی پلاسٹک سرجری کا مشورہ دیا گیا، حالانکہ میں بہت دبلی تھی مگر پھر بھی کہا جاتا تھا کہ وزن کم کرو۔ آج جب اپنے پرانے ڈرامے دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کہ میں تو بالکل فٹ تھی۔
اداکارہ نے شوبز میں حُسن کے معیار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل مارکیٹنگ کی طرح ہے۔ جیسے آپ مارکیٹ سے ایک صابن اچھی پیکنگ دیکھ کر خریدتے ہیں، لیکن اگر وہ معیاری نہ نکلے تو دوبارہ نہیں خریدتے۔ اداکاری بھی ایسی ہے، خوبصورتی شاید ایک بار موقع دلا دے لیکن بار بار کام صرف اچھی پرفارمنس ہی دلاتی ہے۔
فائزہ حسن نے واضح کیا کہ وہ کم ڈراموں میں کام کرنا پسند کرتی ہیں۔ ان کے بقول، میں زیادہ پراجیکٹس اس لیے نہیں کرتی کیونکہ اتنی صلاحیت نہیں کہ سخت گرمی میں دن رات محنت کروں اور پھر ڈرامہ کامیاب بھی نہ ہو۔ میں صرف وہی کردار قبول کرتی ہوں جو دل کو چھو جائیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے ذاتی زندگی کا ایک پہلو بھی شیئر کیا اور مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی بار یکطرفہ محبت کا تجربہ کر چکی ہیں۔ پہلی بار جب میں 17 یا 18 سال کی تھی تو اپنے کالج کے ایک لڑکے کو پسند کیا، پھر کچھ عرصے بعد کسی اور کو، یوں ہر تین چار ماہ بعد کسی نہ کسی پر دل آ جاتا تھا۔ اب تو مجھے گنتی بھی یاد نہیں۔
یاد رہے کہ فائزہ حسن پاکستان کی ورسٹائل اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جنہوں نے اپنے منفرد انداز اور جاندار اداکاری سے ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
ڈراموں میں رشتوں کو زہریلا دکھایا ہی نہیں جاتا بلکہ ہوتے بھی ہیں، فائزہ حسن