علی ظفر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میدان میں آگئے

علی ظفر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میدان میں آگئے


معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر(ali zafar) نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے عملی قدم اٹھاتے ہوئے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقدہ ایک خصوصی فنڈ ریزنگ شو میں شرکت کی، جس کا مقصد سیلاب زدگان کے لیے امدادی فنڈز جمع کرنا اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

امدادی شو میں علی ظفر کے ساتھ ساتھ مشہور گلوکارہ نتاشا، علی نور،عارف لوہار اور گوہر ممتاز نے بھی پرفارم کیا۔ فنکاروں کی دل کو چھو لینے والی پرفارمنس نے حاضرین کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ جذباتی بھی کر دیا۔

تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قوم آج بھی مشکل وقت میں ایک ہو کر کھڑی ہو سکتی ہے۔

علی ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد صرف حکومت ہی نہیں، بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ وقت ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنے کا ہے، ہمیں ان لوگوں کا سہارا بننا ہوگا جو اس قدرتی آفت کے نتیجے میں سب کچھ کھو بیٹھے ہیں۔”

انہوں نے اپنے تمام ساتھی فنکاروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکار صرف اسٹیج تک محدود نہیں ہوتے، بلکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے بھی پابند ہوتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر فنکاروں نے اجتماعی طور پر سیلاب متاثرین کے لیے دعا بھی کی، جبکہ الحمرا کلچرل کمپلیکس کا ماحول قومی یکجہتی اور ہمدردی کے جذبے سے سرشار نظر آیا۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top