پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر اور پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
علیزے شاہ نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور کم عمری میں ہی اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے باعث شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔
شہرت کے باوجود اداکارہ کئی بار ذہنی دباؤ اور الجھنوں کا اظہار کر چکی ہیں۔ مختلف مواقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں کھل کر بات بھی کی ہے۔
حال ہی میں علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ تمام تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے بعد وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں۔
انسٹاگرام کا نیا ری اسٹائل فیچر، اب صرف لکھیں اور اے آئی خود کرے گی ایڈیٹنگ
انہوں نے کہا کہ میں نے انسٹاگرام سے ساری تصاویر ہٹا دی ہیں اور اس پر میں بہت خوش ہوں۔ اس سے پہلے میں شرمندہ تھی، کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں اپنی زندگی کے ساتھ کیا کر رہی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ نہیں جانتیں کہ سوشل میڈیا پر کب واپس آئیں گی، لیکن ان کے مطابق وہ تصاویر واپس نہیں آئیں گی اور نہ ہی وہ علیزے جو پہلے تھی۔
علیزے شاہ کے ویڈیو پیغام کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کی ذہنی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ علیزے شاہ نے اپنا انسٹاگرام خالی کیا ہو۔ اس سے قبل وہ ستمبر 2024 اور اپریل 2025 میں بھی اپنے اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس ہٹا چکی ہیں۔
