پاکستانی معروف اداکار و فلمساز شہریار منور نے ڈھکے چھپے لفظوں میں اپنی شادی کی تصدیق کے بعد اعلانیہ ساتھی اداکارہ ماہین صدیقی کو اپنی جان قرار دے دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اپنی سالگرہ کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکار کے قریبی دوستوں بشمول ماہین صدیقی، نے ان کی سالگرہ کے موقع پر رات دیر گئے انہیں گھر آکر سرپرائیز دیا ہے،جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے ان دوستوں کو بھی ٹیگ کیا جنہوں نے ان کے جنم دن کو خاص بنایا، سر فہرست اداکارہ ماہین صدیقی کا نام دکھائی دیا، دوسری جانب اسی انسٹااسٹوری کو ماہین صدیقی نے سرخ دل والے ایموجی کے ساتھ ری شیئر کیا۔تاہم شہریار منور کی اگلی انسٹااسٹوری نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
ارشد ندیم کی تاریخی فتح، علی ظفر کا 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان
جس میں انہوں نے اداکارہ ماہین صدیقی کی انسٹااسٹوری کو ری شیئر کیا ہے۔اداکارہ ماہین صدیقی کی انسٹااسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں انہیں میری جان قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں متعدد میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہریار منور اور ماہین صدیقی دسمبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس وقت تک ان دونوں میں سے کسی نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔
بعدازاں شہریار منور نے فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیت فریحہ الطاف کے پوڈ کاسٹ کے دوران کسی کا نام لیے بغیر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی میں کوئی خاص شخص موجود ہے۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں فنکاروں کی شادی کے حوالے سوشل میڈیا پر گردشی خبروں میں کتنی صداقت ہے۔