ماہرہ خان کی ٹی وی ڈراموں میں واپسی، مداحوں کیلئے خوشخبری

ماہرہ خان کی ٹی وی ڈراموں میں واپسی، مداحوں کیلئے خوشخبری


پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے ٹیلی وژن اسکرین پر واپسی کا عندیہ دے دیا ہے، جس سے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ماہرہ خان ان دنوں ہم ایوارڈز 2025 میں شرکت کے لیے امریکا کے شہر ہیوسٹن میں موجود ہیں۔ اس دوران انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’نیلوفر‘ کے شاندار ٹیزر کے اجرا کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مداحوں کے ساتھ ایک سوال و جواب کا سیشن کیا۔

اس سیشن میں جہاں انہوں نے فلم سے متعلق بات کی، وہیں مستقبل کے منصوبوں اور ٹی وی پر دوبارہ کام کرنے کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کیے۔

جب ایک مداح نے اُن سے پوچھا کہ وہ کب دوبارہ ٹی وی ڈراموں میں نظر آئیں گی تو ماہرہ نے جواب دیا کہ مجھے پتا ہے، مجھے آنا چاہیے، میں کسی ایسے کردار کا انتظار کر رہی ہوں جو اب تک نہیں کیا۔

ان کے اس مختصر مگر پُراثر جواب نے واضح کر دیا کہ وہ کسی منفرد اور چیلنجنگ کردار کی تلاش میں ہیں، اور جیسے ہی انہیں ایسا کردار پیش کیا گیا، وہ اسکرین پر واپسی کریں گی۔

اسی سیشن میں ایک اور مداح نے پوچھا کہ کیا ’نیلوفر‘ ان کے کیریئر کا سب سے مشکل کردار تھا؟ اس پر ماہرہ نے جذباتی انداز میں کہا کہ نہیں، لیکن سب سے پاکیزہ، سب سے میٹھا، ریحانہ اس دنیا کی نہیں ہے۔ ریحانہ، تم یاد آتی ہو۔

فلم ’نیلوفر‘ میں ماہرہ ایک نابینا خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو ان کے مطابق ان کے لیے بہت خاص کردار ہے۔

 ماہرہ خان اور فواد خان ایک بار پھر فلم ’نیلوفر‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں، جسے عمار رسول نے تحریر و ڈائریکٹ کیا ہے  جبکہ پروڈکشن یوسف شارق نے کی ہے۔

فلم میں ان کے ساتھ مدیحہ امام، ثروت گیلانی، بہروز سبزواری، عتیقہ اوڈھو، گوہر رشید، فیصل قریشی اور دیگر کئی بڑے فنکار شامل ہیں۔

’نیلوفر‘ 28 نومبر 2025 کو دنیا بھر کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، اور شائقین اس فلم کے حوالے سے بے حد پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔





Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top