معروف اداکارہ، ماڈل، میزبان اور گلوکارہ فضا علی نے شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی مداحوں کو خوشخبری سنا دی۔
انسٹا گرام پر جاری ایک ویڈیو میں فضا علی نے بتایا کہ ان کا نیا گانا ‘مہندی والی رات’ ریلیز کے لیے تیار ہے۔ یہ رنگا رنگ گیت جلد سوشل میڈیا اور موسیقی کے دیگر پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔
گانے کا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ اس کی باقاعدہ لانچنگ تقریب رواں ماہ منعقد کی جائے گی، جس میں شوبز انڈسٹری کی متعدد نامور شخصیات شرکت کریں گی۔
“مہندی والی رات” کی ویڈیو کو ہدایتکار عادل عسکری نے ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ اس کی موسیقی تابو نے ترتیب دی ہے۔ گانے میں پاکستانی ثقافت، روایتی شادیوں، اور مہندی کی خوشیوں کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔
گانے پر بات کرتے ہوئے فضا علی نے کہا کہ مہندی والی رات‘ ایک دلکش گانا ہے جس کے بول بہت خوبصورت ہیں۔ یہ گیت شادیوں کے سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ سننے والوں کو بے حد پسند آئے گا۔
یاد رہے کہ فضا علی نے 2021 میں مظہر راہی کیساتھ اس سے ملتا جلتا گانا ریلیز کیا تھا۔ ‘مہںدی کی رات’ گانا بہت مقبول ہوا تھا اور یوٹیوب پر 5 ملین تک ویوز لیے تھے۔
فضا علی شادی بیاہ کے موضوع پر اور بھی گانے پیش کر چکی ہیں۔ ان کا مقبول گیت “سہرا” یوٹیوب پر لاکھوں ویوز حاصل کر چکا ہے اور دنیا بھر میں سراہا گیا۔
ان کے دیگر مشہور گانوں میں “مکھی”، “شالہ”، “چاندنی”، “دور نہ جا”، “رنگ رلیاں”، “رات” اور “بے وفا” شامل ہیں، جنہیں سننے والوں نے بھرپور پذیرائی دی۔