لاہور، پنجاب کے میڈیکل اورڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات کے لئے ایم ڈی کیٹ امتحان رواں ماہ 26 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس) کے ترجمان کے مطابق امتحان صوبے کے 12 بڑے شہروں میں ایک ہی وقت پر لیا جائے گا، جس میں 50 ہزار 458 امیدوار شریک ہوں گے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرنے امتحانی انتظامات کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کوذمہ داریاں سونپ دی ہیں، 12 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکوخصوصی مراسلہ جاری کرتے ہوئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ امتحانی مراکزپرسیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو دفعہ 144 کے نفاذ کی درخواست بھی دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوارواقعے سے بچا جا سکے۔
ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق امتحان کے دن لاہور سمیت 12 شہروں میں مجموعی طورپر26 امتحانی مراکز قائم ہوں گے۔
ان شہروں میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اوررحیم یارخان شامل ہیں۔
امتحانی دن ریسکیو 1122، نادرا، محکمہ صحت، ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔
اس کے علاوہ امتحانی عملے کی تعیناتی کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن اوراسکول ایجوکیشن کو بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
لاہور، میری گاڑی میں وائی فائی نہیں، عوام کی گاڑی میں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تمام اقدامات کا مقصد امتحان کو شفاف، محفوظ اور پرامن ماحول میں مکمل کرانا ہے تاکہ امیدوار اپنی صلاحیتوں کا بھرپورمظاہرہ کرسکیں۔