ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں کل کسی بھی قسم کی عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا کالج ایجوکیشن سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی ہے، جس پر عوام کو ہرگز یقین نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے اپنے باضابطہ اعلامیے میں واضح کیا کہ کل یعنی پیر کے روز تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، اور تدریسی عمل جاری رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے یا تعطیل کا فیصلہ صرف موجودہ حالات و واقعات کے تناظر میں کیا جاتا ہے، اور اس کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “سوشل میڈیا پر کالج ایجوکیشن کے حوالے سے جو نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے، وہ جعلی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ ایسی افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہے۔”
ترجمان نے والدین، طلبہ اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو تاکید کی کہ وہ صرف مستند ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر انحصار کریں۔ “جعلی نوٹیفکیشنز نہ صرف افواہیں پھیلانے کا باعث بنتے ہیں بلکہ طلبہ اور والدین کے لیے غیر ضروری ذہنی دباؤ بھی پیدا کرتے ہیں،” ترجمان نے کہا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کسی بھی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تو اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سرکاری سطح پر جاری کیا جائے گا اور میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔