فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا

فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا


فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

سالانہ امتحانات میں 2 لاکھ 84 ہزار 37 طلباء نے حصہ لیا، کامیابی کا مجموعی تناسب 88.51 فیصد رہا، سائنس گروپ میں تینوں پوزیشن طالبات نے حاصل کیں۔

فیڈرل بورڈ نے سال 2025ء کے نہم و دہم کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا ہے، نہم دہم کے امتحان میں سائنس گروپ میں آرمی پبلک اسکول راولپنڈی کی مریم نوید نے 1 ہزار 93 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

دوسری پوزیشن لاہور گرامر اسکول کی آمنہ ناصرنے حاصل کی انہوں نے 1087 نمبر حاصل کئے، تیسرے نمبر پر املہ فاؤنڈیشن اسکول مصریال راولپنڈی کی صالحہ ثاقب رہیں انہوں نے 1083 نمبر حاصل کئے۔

ہیومنیٹیز گروپ میں شائننگ اسٹار اسکول کی ثناء بی بی نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ادارہ علوم اسلامی کے عبدالرحمان نے 1029 نمبر کر دوسری اور ادارہ علوم اسلامی کے ہی محمد سفیان احمد نے 1022 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پنجاب: آٹھویں کے بورڈ امتحانات دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ

نتائج کے مطابق وفاقی نظامت تعلیمات کا کوئی ادارہ پوزیشن حاصل نہیں کر سکا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے انہوں نے طالبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کی تعلیمی کارکردگی طلباء سے بہتر ہے ان کا کہنا تھا کہ آج کی تعلیم کے ساتھ ہنر بھی ضروری ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ جوان ہماری ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہیں، آنے والی دس سے پندرہ سال ہم سب کیلئے بہت اہم ہیں، آنے والے دنوں میں دنیا تبدیل ہونے جا رہی ہے،جو لوگ خود میں تبدیلی نہیں لائیں گے ان کا نام و نشان بھی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ آج کی پوزیشنز میں بھی طالبات نمایاں ہیں، ہمیں اپنی انہیں طالبات کیلئے دلوں اور معاشرے میں گنجائش پیدا کرنا ہو گی، میری درخواست ہے کہ بچیوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند نہ کریں، تقریب میں مہمان خصوصی کو شیلڈ اور پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے گئے۔

کامیاب ہونے والے طلبہ طالبات نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے والدین اور اساتذہ کو دیا اور ملک پاکستان کے لیے بہت کچھ کرنے کا ارادہ کیا۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top