لاہور: پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم ہزاروں طلبا کے پہلے سمسٹر کے امتحانات مؤخر کر دیئے گئے۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ حالیہ سیلاب اور اس دوران تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث نصابی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والے خلل کی وجہ سے امتحانات مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلے سمسٹر کے امتحانات 15 اکتوبر سے شروع ہونا تھے۔ تاہم اب یہ امتحانات دسمبر کے پہلے ہفتے میں لیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پہلے سمسٹر اور مڈٹرم امتحانات کو ضم کر کے ایک ہی مرحلے میں منعقد کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد طلبا کو مناسب تیاری کا وقت دینا اور متاثرہ تعلیمی تسلسل کو بحال کرنا ہے۔
اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی نے بھی اپنے تمام جاری اور آئندہ ہونے والے امتحانات کو فوری معطل کر دیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام غیر معمولی حالات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں نویں سے بارہویں جماعت تک نیا گریڈنگ سسٹم تیار ، پاسنگ مارکس بڑھا دیئے گئے
پنجاب یونیورسٹی کے فیصلے سے بی اے، بی ایس، ایم اے، ایم ایس سی، ایم فل، پی ایچ ڈی سمیت ضمنی اور عملی امتحانات کے تمام طلبا متاثر ہوں گے۔ یونیورسٹی کے تمام شعبوں، الحاق شدہ کالجوں اور امتحانی مراکز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک امتحانی سرگرمیاں معطل رکھیں۔