ڈیری فارمرز نے 11 اکتوبر سے دودھ مہنگا  کرنے کا اعلان کر دیا

ڈیری فارمرز نے 11 اکتوبر سے دودھ مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا


کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنا زیادتی ہے۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنما نثار احمد نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے جانوروں کے چارے کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور مختلف شہروں میں دودھ 240 روپے سے 270 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈیری فارمرز سے ریٹیل میں دودھ 220 روپے فروخت کروایا جارہا ہے۔ آل کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ 11 اکتوبر سے دودھ 300 روپے لیٹر میں فروخت کریں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ڈیری فارمرز نے دودھ کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرنے پر 11 اکتوبر سے دودھ کی فی لیٹر قیمت 300 روپے تک بڑھانے کی دھمکی دی تھی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے ساتھ ہونے والے حالیہ اجلاس میں، جس میں ڈیری فارمرز، ہول سیلرز، ریٹیلرز، صارفین اور متعلقہ محکموں کے نمائندے شریک تھے، کمشنر نے فیصلہ کیا تھا کہ دودھ کی نئی قیمت اس کے معیار کی جانچ کے بعد طے کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں متعلقہ محکموں اور صارفین کے نمائندے شامل ہوں گے۔

ہفتے کے اختتام پر جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر باسط عباسی، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ ظہیر، کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے صدر شکیل بیگ، صحافی غیاث الدین اور آل کراچی ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں سے دودھ کے 50 نمونے جمع کرے جن میں فارمرز، ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی سطحوں کے نمونے شامل ہوں گے، تمام نمونوں کی جانچ ’پی ایس کیو سی اے‘ کرے گی اور رپورٹ سات دن کے اندر جمع کرائی جائے گی۔

تاہم کمیٹی کی جانب سے رپورٹ جمع کرائے جانے سے قبل ہی آج پریس کانفرنس میں ڈیری فارمرز نے 11 اکتوبر سے دودھ کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top