ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان پر 29 فی صد ٹیرف عائد کیا ہوا ہے، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی حجم 3 ارب ڈالرز سے زائد کا ہے، سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان امریکا کو پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی باضابطہ پیشکش کرے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ ریکوڈک منصوبے میں تانبے اور سونے کے ذخائر میں سرمایہ کاری کی دل چسپی کا اظہار کر چکی ہے، اور امریکا کا ایکسپورٹ امپورٹ بینک ریکوڈک منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے تجاویز دے گا، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ نیا تجارتی معاہدہ نئے تعلق کی بنیاد رکھے گا۔
پاکستان امریکا میں پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مزید فروغ دینے کا بھی خواہش مند ہے، پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے رہا ہے۔
جب کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے ٹیک سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کرنے کی دل چسپی ظاہر کی ہے۔