پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2025-26 کا آغاز بھرپور تیزی کے ساتھ کیا، جہاں منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1721 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1,27,348 کی سطح پر پہنچ گیا، جو 1.37 فیصد مثبت تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے آٹوموبائل، کمرشل بینکنگ، تیل و گیس، اور توانائی کے شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، ماری پیٹرولیم، پی آر ایل، پی او ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور نیشنل بینک سمیت بڑے اسٹاکس مثبت زون میں ٹریڈ کرتے نظر آئے۔
یاد رہے کہ پیر کو مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بھی اسٹاک مارکیٹ نے مثبت رجحان کے ساتھ دن مکمل کیا تھا۔
مارکیٹ میں تیزی کی یہ لہر سرمایہ کاری کے اختتامی فلو، ادارہ جاتی سرگرمیوں میں اضافے اور بیرونی مالیاتی معاونت سے متعلق خبروں کے باعث دیکھنے میں آئی، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔
پیر کے روز مارکیٹ بند ہونے تک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1 لاکھ 25 ہزار 627.31 پوائنٹس پر بند ہوا، جو کہ مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
ماہرین کے مطابق ملکی معیشت کے استحکام، بجٹ میں متوازن پالیسیوں، اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے ممکنہ تعاون کے تناظر میں سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ مارکیٹ میں سرگرم ہو رہے ہیں، جو مارکیٹ کی موجودہ تیزی کی اہم وجہ ہے۔