امریکی مالیاتی جریدے بلوم برگ کے مطابق پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جن کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوم برگ کے تازہ تجزیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے اشاریوں میں شاندار بہتری دکھائی ہے اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں صرف ترکیہ پاکستان سے آگے ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 15 ماہ (جون 2024 سے ستمبر 2025 تک) کے دوران پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔
جو ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار بہتری کی واضح علامت ہے۔
بلوم برگ نے مزید بتایا کہ پاکستان کے برعکس جنوبی افریقہ اور ایل سلواڈور میں معمولی بہتری دیکھی گئی، جب کہ مصر، نائیجیریا اور ارجنٹائن جیسے ممالک میں معاشی خطرات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
بلوم برگ کے مطابق یہ بہتری اس بات کی علامت ہے کہ سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔