وزیر اعظم نے 5 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کرنے کا اعلان کر دیا

وزیر اعظم نے 5 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کرنے کا اعلان کر دیا


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدے ختم کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 5 آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

بعدازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری معیشت آہستہ آہستہ استحکام کی جانب گامزن ہے اور کل ہی ایک اور اہم معلومات موصول ہوئیں کہ ہماری سہ ماہی ترسیلات زر 8.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کسی بھی سہ ماہی میں ترسیلات زر کے حوالے سے ایک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیرون ملک حلال کمانے والوں کا ملکی معیشت پر اعتماد ہے اور پاکستان کی معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے ہمیں اور بھی سفر تیزی سے طے کرنا ہے جس میں ماضی کی طرح چیلنجز آئیں گے لیکن پچھلے سات ماہ میں جس طرح مسائل اور چیلنجز کے باوجود ہم نے بطور ٹیم ان کا سامنا کیا اور اللہ تعالیٰ نے اس کا آپ کو اجر کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عام آدمی نے مہنگائی، بینک کے پالیسی ریٹ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی شکل میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کیا ہے اور کابینہ کے تمام اراکین کے ساتھ پاکستان کے عوام کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے بے پناہ صبر اور تحمل کے ساتھ یہ مشکلات کاٹیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس گرمیوں کے موسم میں عوام کو کچھ ریلیف دینے کے لیے وفاق نے 50ارب روپے کی رقم سے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دیا اور یقیناً اس سے انہیں کچھ سہولت ملی، اسی طرح صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دو ماہ کے لیے 50ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کر کے 400 سے 500 یونٹ تک کے صارفین کو دو ماہ کی سہولت دی جس کا انہیں بہت فائدہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں عوام کی مشکلات سے ناصرف پوری طرح باخبر ہیں بلکہ ان کو ریلیف دینے کے لیے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے وہ کیا جا رہا ہے، یہ عوام کی نمائندہ حکومت ہے اور ہمیں عوام کی مشکلات کا پورا احساس اور شعور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی میں کمی لانے کے لیے جو اقدامات بھی کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں اور پچھلے سال اس ماہ مہنگائی 32 فیصد تھی اور اس سال وہ 6.7 فیصد پر آ چکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی اور ان کی تحقیقات کی روشنی میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کردیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدوں کے خاتمے سے411ارب روپے کی بچت ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے سے 400 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، اس اقدام سے بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔ ذرائع کے مطابق حب کو، راؤ سچ، لال پیر، صبا اور اٹلس پاور پلانٹس کے منسوخ کیے گئے ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top