ملک بھرمیں ٹماٹرکی قیمتوں میں حیران کن اضافہ

ملک بھرمیں ٹماٹرکی قیمتوں میں حیران کن اضافہ


پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور فی کلو قیمت ٹرپل سنچری عبور کرتے ہوئے 400 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

ماہرین نے حالیہ تاریخی اور تباہ کن سیلاب کے بعد پہلے ہی پیشگوئی کی تھی کہ زرعی اجناس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، اور اب وہ خدشات حقیقت بنتے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ٹماٹر سب سے مہنگے 380 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ راولپنڈی میں 360، فیصل آباد میں 350 اور لاہور میں 340 روپے میں دستیاب ہیں۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور ملتان میں قیمت 320 روپے تک جا پہنچی ہے۔

کراچی اور پشاور میں ٹماٹر فی کلو 300 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ سرگودھا اور بہاولپور میں قیمت 280، حیدرآباد، لاڑکانہ اور بنوں میں 250 جبکہ سکھر میں 240 روپے فی کلو ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں اوسطاً 88 روپے 22 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ ٹماٹر کے ساتھ ساتھ پیاز، لہسن، آٹا، دالیں، دودھ، گھی، خوردنی تیل، مٹن اور سرخ مرچ بھی مہنگی ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب برائلر چکن، آلو، ایل پی جی گھریلو سلنڈر سمیت کچھ اشیائے ضروریہ سستی ہوئی ہیں، جبکہ 20 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top