عالمی منڈی میں بدھ کو خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت 96 سینٹ یا 1.4 فیصد کمی کے بعد 68.18 ڈالر فی بیرل پر آ گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 1.02 ڈالر یا 1.6 فیصد کمی کے ساتھ 65.57 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپیک پلس کے آٹھ رکن ممالک اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اکتوبر سے تیل کی پیداوار میں مزید اضافہ کرنے پر غور کریں گے تاکہ عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں نے پیشگوئی کی ہے کہ سال 2026کے آخر تک خام تیل (cruid oil)کی قیمتیں کم ہو کر 50ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2026کے آخرتک خام تیل کی فراہمی میں یومیہ اٹھارہ لاکھ بیرل اضافہ ہوگا۔یہ پیش گوئی خام تیل کی منڈی کے لیے بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے اندازوں کے مطابق ہے۔
آئی ای اے نے تیل کی فراہمی میں21 لاکھ بیرل یومیہ اضافے کا تخمینہ لگایا ہے، جو یومیہ 7 لاکھ بیرل کی طلب سے کافی زیادہ ہے۔اس طرح 14 لاکھ بیرل خام تیل اضافی دستیاب ہوگا۔