سیلاب متاثرین کے لیے بجلی بلوں میں ریلیف کی درخواست، آئی ایم ایف کا ردعمل سامنے آگیا

سیلاب متاثرین کے لیے بجلی بلوں میں ریلیف کی درخواست، آئی ایم ایف کا ردعمل سامنے آگیا


سیلاب متاثرین کے بلوں میں ریلیف اور کسان پیکج کے حوالے سے آئی ایم ایف کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق، مالیاتی ادارہ بجٹ کے اخراجات اور ایمرجنسی اقدامات کا جائزہ لے گا اور دیکھے گا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کتنی گنجائش موجود ہے۔

آئی ایم ایف کی مشن 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نمائندہ آئی ایم ایف جولیا کوزیک کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا پاکستان کا آئندہ بجٹ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار ہے یا نہیں۔

نیا قرض تب ہی دیا جائے گا جب پرانا پروگرام کامیابی سے مکمل ہو جائے۔

دوسری جانب، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں کے مسئلے کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرہ صارفین سے اگست کے بل فوری طور پر وصول نہ کیے جائیں۔ جو صارفین بل ادا کر چکے ہیں، ان کی رقم آئندہ ماہ ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی پیکج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں وفاقی و صوبائی ادارے عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔ تمام متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بروقت اور عوام دوست فیصلے پر شکر گزار ہوں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں اگست کے بجلی بل معاف کر دیئے گئے ہیں۔

جمع شدہ رقوم واپس ہوں گی، پاور ڈویژن اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے گا۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top