آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی مالی امداد کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا

آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی مالی امداد کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا


پاکستان کے لیے معاشی میدان میں خوشخبری، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔ آئی ایم ایف نے اعلان کیا کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو گیا ہے، اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی معاونت سے جاری توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پاکستان کا اقتصادی پروگرام بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے اور مارکیٹ میں اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مالی سال 2025 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 14 سال بعد پہلی بار سرپلس میں رہا، مالی توازن پروگرام ہدف سے بہتر رہا، افراط زر قابو میں ہے، اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان کی معاشی نمو 3.25 سے 3.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے ماحولیاتی اصلاحات کے پروگرام کو بھی سراہا، اور کہا کہ حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، ایک ہزار سے زائد جانیں گئیں، اور فصلوں و مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔

اعلامیے میں مزید زور دیا گیا کہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع اصلاحات اور پالیسیوں پر مستقل عمل درآمد ضروری ہے۔

آئی ایم ایف نے اعتراف کیاکہ حکومت توانائی کے شعبے کی پائیداری، مالی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس سے پہلے وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگ زیب نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ تعمیری مذاکرات جاری ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا گرین پانڈا بانڈ رواں سال کے اختتام سے قبل جاری کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوی ائیر لائن اور 3 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت پر پیش رفت ہوئی ہے۔ یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی سے قومی ائیر لائن سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش ہے۔ پانچ گروپس نے قومی ائیر لائن کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top