پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علاقائی معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علاقائی معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق


وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے خصوصی نمائندے لطفی وائی صدیقی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے اگست 2025 میں پاکستان کے نائب وزیراعظم کے ڈھاکا کے دورے کو یاد کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی معاشی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں نجی شعبہ قیادت کرے، جبکہ سرکاری شعبہ سرمایہ کاری اور جدت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔

فریقین نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو بطور گیم چینجر قرار دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آئی ٹی شعبہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے معیاری روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علم کے تبادلے اور باہمی استعداد کاری کی ضرورت کو فوقیت دی جانی چاہیے تاکہ علاقائی ترقی میں مزید استحکام اور پائیداری آئے۔

دریں اثنا، واشنگٹن ڈی سی میں جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر نوبومیتسو ہایاشی کے ساتھ ایک اور ملاقات کے دوران، وزیر خزانہ نے ریکوڈک کے قرض دینے والے گروپ میں شمولیت کے لیے بینک کے باضابطہ عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے جاپانی کاروباروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے ایک مضبوط اور مثبت پیغام ملے گا۔

محمد اورنگزیب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ اور اعتماد کو یقینی بنانے کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top