لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ہیلمٹ پہننے سے بال گرتے اور جلد خراب ہوتی ہے۔ تاہم ڈاکٹروں نے اس بارے میں حقائق سے آگاہ کر دیا۔ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ پہننا قانونی طور پر لازم ہے۔ اور یہ سڑک حادثے کی صورت میں آپ کی جان بھی بچا سکتا ہے۔ تاہم بہت سے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ہیلمٹ پہننے سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
عام خیال ہے کہ ہیلمٹ پہننے سے سر پر پسینہ آتا ہے۔ جس کی وجہ سے بال کمزور ہو جاتے ہیں۔ جبکہ ہیلمٹ میں جمع ہونے والی دھول، گندگی یا فنگل انفیکشن بالوں کی جڑوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ پہننا بالوں کے گرنے کی واحد وجہ نہیں ہے۔ تاہم بہت زیادہ تنگ ہیلمٹ پہننے سے آپ کے بال متاثر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ صرف ہیلمٹ کی وجہ سے بال گرنے کے دعویٰ کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔ تاہم ہیلمٹ پہننے سے سر پر جو پسینہ آتا ہے وہ وہ آپ کے سر کی جلد کو متاثر کر سکتا ہے۔ اور اگر ہیلمٹ کا اندر کا حصہ گندا ہے، بہت تنگ ہے یا دھوپ کی وجہ سے سڑچکا ہے تو یہ آپ کے بالوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
ہیلمٹ کے اندر کی باقاعدگی سے صفائی بالوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کا ایک اچھا طریقہ ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا ہیلمٹ پہنیں جو سر پر فٹ آتا ہو البتہ بہت زیادہ تنگ نہ ہو۔ ہیلمٹ تنگ ہونے کی صورت میں سر پر خارش، پسینہ آنا اور فنگل انفیکشن ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالوں کا گرنا بہت سے عوامل کی وجہ سے ہوتا ہے۔ جن میں ہارمونز، جینیات، غذائیت اور تناؤ شامل ہیں۔