پاکستان کے سینئر اداکار اور لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی(mustafa qureshi) کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔
اداکار کے مطابق وہ آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں اپنے گھر کے باہر معمول کے مطابق واک کر رہے تھے کہ اچانک ایک گڑھے میں پیر پھسلنے سے گر پڑے۔
حادثے کے نتیجے میں ان کی ٹانگ کی ہڈی فریکچر ہوگئی جبکہ چہرے پر بھی معمولی زخم آئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا۔
اداکار نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ اپنی سرگرمیاں شروع کریں گے۔
یاد رہے کہ مصطفیٰ قریشی پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اور سینیئر اداکار ہیں جنہوں نے مولاجٹ، اور دیگر درجنوں سپرہٹ فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
مداحوں اور شوبز شخصیات نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور سوشل میڈیا پر دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔