فیس بک(facebook) نے اپنے صارفین کے لیے ایک بار پھر ملازمتوں کی تلاش کو آسان بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میٹا کی جانب سے ’’لوکل جابز‘‘ فیس بک کا حصہ بننے جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین مقامی سطح پر روزگار کے مواقع تلاش کرسکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوئی بالکل نیا فیچر نہیں بلکہ فیس بک کا ایک پرانا فیچر ہے جسے 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ تاہم، اسے 2022 میں بند کردیا گیا تھا۔ اب میٹا نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کی ضرورت اور بڑھتی ہوئی مانگ کے پیشِ نظر ’’لوکل جابز‘‘ کو دوبارہ متحرک کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں مزدوروں کی اجرت کے نئے ریٹس مقرر
میٹا کے مطابق یہ فیچر فیس بک کے مارکیٹ پلیس سیکشن میں ایک الگ جابز ٹیب کی صورت میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ یہ فیچر متعلقہ گروپس اور بزنس پیجز میں بھی فعال کیا جائے گا، تاکہ چھوٹے ادارے اور کاروبار براہِ راست ملازمین کی تلاش کرسکیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہوگا، اور درخواست دینے والوں کو فیس بک کی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہوگا۔ صارفین نہ صرف ان ملازمتوں کے لیے اپلائی کرسکیں گے بلکہ فیس بک میسنجر کے ذریعے کمپنیوں سے براہِ راست بات چیت بھی کرسکیں گے۔
بغیر آنسو بہائے پیاز کاٹنے کا آسان طریقہ
میٹا کی ترجمان کے مطابق، ’’ہم ہمیشہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش کرتے ہیں، اور اب ہم چاہتے ہیں کہ ہماری برادری روزگار کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھائے۔ یہ فیچر مقامی سطح پر افراد اور چھوٹے کاروباروں کو جوڑنے میں مددگار ثابت ہوگا۔‘‘
فی الحال ’’لوکل جابز‘‘ فیچر امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ آئندہ مہینوں میں اسے دیگر ممالک میں بھی توسیع دی جائے گی، تاکہ دنیا بھر کے صارفین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔