کینسر سے زندگی کی جنگ جیتنے والی سابق اداکارہ اریج فاطمہ نے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ ادا کرلیا۔
دین کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے اور کینسر پر کامیابی حاصل کرنے والی سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے اہلِ خانہ کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
اریج فاطمہ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پُرسکون اور منظم انداز میں عمرہ ادا کرنے کے حوالے سے چند مفید تجاویز بھی دیں۔
انہوں نے بتایا کہ کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد عمرہ کی ادائیگی ایک انتہائی جذباتی لمحہ تھا۔ اریج نے لکھا، “الحمدللّٰہ! ہم نے عشاء کے بعد سکون کے ساتھ اپنا عمرہ ادا کیا اور دل کی گہرائیوں سے اللّٰہ کا شکر ادا کیا۔”
سابقہ اداکارہ نے مزید بتایا کہ اگلا دن خانہ کعبہ میں گزرا۔ اللّٰہ نے انہیں حطیم میں نماز پڑھنے اور کسوہ پر اپنے خاندان کے نام لکھنے کی سعادت بخشی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ حجرِ اسود سے چند قدم کی دوری پر تھیں، مگر رش کے باعث قریب نہیں جا سکیں۔ اریج نے کہا، “بعض اوقات صبر بھی عبادت کی ایک صورت ہوتا ہے۔”
اریج فاطمہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ عمرے کے دوران تصویریں کھینچنے سے گریز کریں، کیونکہ ممکن ہے بعد میں کسی اور کی تصویر بھی بن جائے۔
بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی مسجد میں بنائی گئی تصاویر اور ویڈیو وائرل