ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی تشویشناک ہے، اور تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کی راہ اختیار کریں، جبکہ ایران اس عمل میں ثالثی اور کشیدگی کم کرانے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ ہمسایہ ممالک تنازعات کے بجائے بات چیت کو ترجیح دیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور قطر نے بھی پاک افغان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل اور سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے گزشتہ رات پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور پاکستانی فورسزکی بھر پور جوابی کارروائی سے متعددافغان فوجی ہلاک ہوگئے۔