سال کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ’’نیلوفر‘‘(nelofer)28 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔
فواد خان نے فلم کا آفیشل پوسٹر لانچ کرتے ہوئے کہا’’جس ملاقات کا دل سے انتظار ہے، وہ 28 نومبر کو ہوگی‘‘۔
نیلوفر ایک ایسی فلم جو پاکستان کی مقبول ترین جوڑی، فواد خان اور ماہرہ خان، کو برسوں بعد ایک بار پھر اسکرین پر اکٹھا کر رہی ہے۔
فلم کو عمار رسول نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا ہے، سال کی سب سے زیادہ منتظر فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم کا پوسٹر ریلیز ہوتے ہی مداحوں اور سوشل میڈیا پر جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔
پہلی بار، عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان فلم پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔ وہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر حسان خالد اور اسف شاریق کے ساتھ شریک ہیں۔ فلم 28 نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
ماہرہ خان فلم کی مرکزی کردار نیلوفر کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی ،ایک ایسا کردار جو محبت، ہمدردی اور اندرونی طاقت کی علامت ہے۔ ان کے ساتھ فواد خان ایک بار پھر اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتنے کے لیے تیار ہیں۔
فلم کے دیگر نمایاں فنکاروں میں مدیحہ امام، سرور گیلانی، عتیقہ اوڈھو، بہروز سبزواری، گوہر رشید، فیصل قریشی، سمیعہ ممتاز، رشید فاروقی، چاند برال، سیمی راحیل، عدیل ہاشمی، حرا ترین، اور نوید شہزاد شامل ہیں، جو سب مل کر ایک ایسی کہانی تخلیق کرتے ہیں جو انسانی احساسات اور رشتوں کی گہرائی کو اجاگر کرتی ہے۔
’’نیلوفر‘‘اپنی شاعرانہ کہانی، جاندار اداکاری اور فنکارانہ نرمی کے ساتھ، ایک ایسی فلم بننے جا رہی ہے جو دیکھنے والوں کے دلوں میں دیر تک نقش رہے گی۔