محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہونے کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی نے اپنی آمد کی دستک دے دی، اسلام آباد، لاہور، راجن پور،علی پور، کہروڑ پکا اور گرد و نواح میں تیز بارش ہوئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، میٹروول، بلدیہ ٹاؤن اور بفر زون میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حکومت کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان
لودھراں، پاکپتن، کمالیہ، چیچہ وطنی، ملتان، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور کبیر والا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ شبقدر اور سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں آج گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر اور ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی آج بارش ہونے کی توقع ہے، گلگت بلتستان اور آزادکشمیرکے مختلف مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کاامکان ہے۔