استعمال شدہ گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

استعمال شدہ گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر


پرانی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی گئی، جو 30 جون 2026 تک نافذ رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کمرشل بنیادوں پر پرانی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا یہ ڈیوٹی کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت PCT ہیڈنگز 8702، 8703، 8704 اور 8711 کے تحت آنے والی گاڑیوں پر لاگو ہو گی، جو کہ امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے سلسلہ نمبر 10 کی شق (xvi) کے تحت درآمد کی جائیں گی۔ یہ ریگولیٹری ڈیوٹی پہلے سے نافذ S.R.O. 1152(1)/2025 کے علاوہ عائد کی گئی ہے۔

وزارتِ تجارت نے ایک ایس آر او کے ذریعے پانچ سال پرانی تک گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دی تھی، جس پر 40 فیصد اضافی ڈیوٹی فوری طور پر نافذ العمل ہے۔

یہ فیصلہ ای سی سی کے 18 ستمبر 2025 کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کی۔ کابینہ نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی۔

وزارتِ تجارت کی جانب سے 30 ستمبر 2025 کو جاری کردہ SRO 1895(1)/2025 میں امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کرتے ہوئے نئی شق شامل کی گئی، جس کے تحت مذکورہ ہیڈنگز میں آنے والی پانچ سال سے کم عمر گاڑیوں کی کمرشل درآمد 30 جون 2026 تک کی جا سکے گی۔ اس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

کمرشل درآمد شدہ گاڑیاں ماحولیات، حفاظتی اور معیار کے تقاضوں کے مطابق ہوں گی اور ان کا ٹیسٹنگ و سرٹیفیکیشن انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB)، وزارت صنعت و پیداوار کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔

حکومتی فیصلے کے مطابق 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی 30 جون 2026 تک نافذ رہے گی، اس کے بعد یہ ڈیوٹی ہر سال 10 فیصد پوائنٹس کم ہوتی جائے گی اور مالی سال 2030 تک صفر پر آ جائے گی، جیسا کہ ٹیرف پالیسی بورڈ نے تجویز کیا ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top