دنیا بھر میں ڈائیٹ کے نت نئے طریقے مقبول ہو رہے ہیں اور ان میں ایک ہے کارنیور ڈائیٹ یا صرف گوشت پر مبنی خوراک، اس میں اناج، سبزیاں، پھل اور دالوں کو مکمل طور پر چھوڑ دیا جاتا ہے اور صرف گوشت، مچھلی، انڈے اور کچھ ڈیری مصنوعات کھائی جاتی ہیں۔
ممکنہ فوائد
وزن میں کمی
ماہرین کے مطابق اس خوراک میں پروٹین اور چکنائی زیادہ جبکہ کاربوہائیڈریٹ نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے جسم میں چربی تیزی سے جلتی ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
شوگر کنٹرول
کاربوہائیڈریٹ نہ ہونے کے باعث یہ خوراک شوگر کے مریضوں کے لیے کسی حد تک فائدہ مند ہو سکتی ہے کیونکہ یہ خون میں شکر کی سطح کو بڑھنے سے روکتی ہے۔
سادگی اور آسانی
اس ڈائیٹ میں کھانے کے انتخاب کی الجھن نہیں رہتی، صرف گوشت یا حیوانی غذاؤں کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، اس لیے پلاننگ اور وقت کی بچت ہوتی ہے۔
سوزش میں کمی
کچھ تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ صرف گوشت پر مبنی خوراک جسم میں سوزش کم کر سکتی ہے، جوڑوں کے درد اور آنتوں کے مسائل میں بھی کچھ بہتری دیکھنے کو ملتی ہے۔
ممکنہ نقصانات
غذائی کمی
سبزیاں، پھل اور دالیں نہ کھانے سے فائبر، وٹامن سی، وٹامن کے اور میگنیشیم جیسے اہم اجزاء کی کمی ہو سکتی ہے۔
دل کی بیماری کا خطرہ
سرخ گوشت اور زیادہ چکنائی والی خوراک کولیسٹرول بڑھا سکتی ہے، جس سے دل کی بیماری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
آنتوں کے مسائل
فائبر کی کمی کی وجہ سے قبض، معدے کی تکالیف اور ہاضمے کے دیگر مسائل ہو سکتے ہیں۔
طویل مدتی خطرات
اس ڈائیٹ پر طویل عرصے تک سائنسی تحقیق محدود ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ کئی سال بعد اس کے صحت پر کیا اثرات ہوں گے۔
ماہرین کی رائے
ماہرین صحت کے مطابق صرف گوشت پر مبنی خوراک وزن کم کرنے یا شوگر کنٹرول کرنے میں وقتی فائدہ دے سکتی ہے، مگر اس میں بڑے نقصانات بھی چھپے ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ ایک متوازن خوراک اپنائی جائے جس میں سبزیاں، پھل، دالیں اور اناج شامل ہوں تاکہ جسم کو تمام ضروری غذائی اجزاء مل سکیں۔