اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قطری وزیراعظم سے فون کال پر دوحہ حملے پر معذرت کی ہے۔
خلیج ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کے چینل 12 کے نمائندے باراک راویڈ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس سے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کو فون کیا اور ان سے دوحہ حملے پر معذرت کی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خلیج ٹائمز نے ایک علیحدہ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ قطری تکنیکی ٹیم بھی وائٹ ہاؤس میں موجود ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے فضائی حملہ کیا تھا۔
تاہم حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ محفوظ رہے تھے لیکن ان کے بیٹے اور معاون سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے۔
یہ حملہ اُس وقت ہوا تھا، جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے ملاقات کر رہے تھے۔
اسرائیل کی جانب سے دوحہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے پر عالمی سطح پر سخت مذمت اور تنقید سامنے آئی تھی۔
اسرائیلی حملوں کے ردِ عمل میں عرب ممالک سمیت پاکستان اور اقوامِ متحدہ نے واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔