بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار سمیر انجان نے حالیہ دنوں ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اداکار سلمان خان اپنی اور ایشوریا رائے کی علیحدگی کے بعد شدید جذباتی صدمے میں تھے، جس کے اثرات ان کی فلمی زندگی پر بھی واضح طور پر نظر آتے تھے۔
سمیر انجان نے کہا کہ سلمان خان فلم تیرے نام میں ایک شکستہ دل عاشق کا کردار ادا کیا تھا، شوٹنگ کے دوران وہ گانے سن کر خوب روتے تھے، اور ان کی ناکام محبت کے غم نے اس فلم میں ان کے کردار کو اور بہتر بنایا، وہ ہر سین سے پہلے خاص گانے سنتے تاکہ اپنے جذبات کو تازہ کر سکیں اور پھر اپنے درد کو مکمل طور پر کیمرے کے سامنے ظاہر کرتے۔
شادی کی تمنا نہیں لیکن باپ بننا چاہتا ہوں، سلمان خان
نغمہ نگار کے مطابق اگرچہ تیرے نام فلم کا ٹائٹل سونگ سلمان خان کو مدنظر رکھ کر نہیں لکھا گیا تھا، لیکن اس کے بول ان کی ذاتی زندگی کی عکاسی کرتے تھے
نغمہ نگار نے کہا کہ شوٹنگ کے دوران سلمان خان اکثر گلوکار ہمیش ریشمیا سے گزارش کرتے کہ وہ یہ گانا سنائیں، اور پھر آنسوؤں کے ساتھ سین ریکارڈ کرواتے۔ خاص طور پر یہ بول “کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی” ان کے دل کو بہت متاثر کرتا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کی محبت کا آغاز 1999 میں فلم ہم دل دے چکے صنم کے دوران ہوا تھا، جو فلمی دنیا کی سب سے مشہور داستانوں میں گنی جاتی ہے، تاہم 2002 میں دونوں الگ ہو گئے۔