آکو پنکچر سے کمر درد کا علاج ممکن ہے، نئی تحقیق

آکو پنکچر سے کمر درد کا علاج ممکن ہے، نئی تحقیق


حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کمر درد کے مریضوں کے لیے آکو پنکچر سے درد اور معذوری میں کمی ممکن ہے۔

کمر درد دنیا بھر میں بہت عام ہے اور یہ لوگوں کی زندگی میں بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے، کئی ایسے لوگ ہیں جو کمر درد کی وجہ سے روزمرہ کی عام سرگرمیاں آسانی سے انجام نہیں دے پاتے، جیسے کام پر جانا، گھر کے کام کرنا یا آرام سے چلنا۔

عام طور پر لوگ درد کم کرنے کے لیے دوائیں یا فزیکل تھراپی استعمال کرتے ہیں، لیکن اکثر اوقات یہ طریقے مکمل آرام یا دیرپا حل فراہم نہیں کرتے، اسی وجہ سے لوگ دیگر علاج کے طریقے آزمانا چاہتے ہیں۔

آکو پنکچر چینی طب کا ایک قدیم طریقہ ہے جس میں بہت باریک سوئیاں جسم کے مخصوص نقاط (points) میں ڈالی جاتی ہیں۔

اس طریقہ علاج سے جسم کی توانائی متوازن ہوتی ہے اور درد میں کمی آتی ہے، جب سوئیاں جسم کے مخصوص نقاط (points) میں ڈالی جاتی ہیں تو دماغ اور اعصاب کو سگنل جاتے ہیں، جس سے جسم میں قدرتی درد کم کرنے والے ہارمونز (اینڈورفنز) خارج ہوتے ہیں اور نتیجتاً درد کم ہوتا ہے اور حرکت کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکا میں اس حوالے سے تحقیق کی گئی، جس میں 800 بزرگ افراد شامل تھے جنہیں کمر درد کی شکایت تھی۔

ان افراد کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کو 12 ہفتوں کے دوران 11 آکو پنکچر سیشنز دیے گئے، جب کہ دوسرے گروپ کو اضافی پانچ سیشنز دیے گئے۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ چھ اور بارہ ماہ بعد دونوں گروپوں میں کمر درد اور معذوری میں کمی دیکھنے میں آئی اور تقریباً 40 فیصد افراد کی حالت میں کم از کم 30 فیصد بہتری آئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اضافی سیشنز سے مزید بہتری نہیں ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آکو پنکچر کا بنیادی کورس ہی کافی مؤثر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی کمر درد سے پریشان ہے اور روایتی علاج سے انہیں تسلی بخش نتائج نہیں مل رہے، تو آکو پنکچر ایک قابلِ غور متبادل علاج ہو سکتا ہے، تاہم کسی بھی علاج کو شروع کرنے سے پہلے ماہر صحت سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top