خیبر پختونخوا حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ڈگری کے حامل امیدواروں کو سرکاری ملازمتوں کے لیے اہل قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کے مطابق یہ اقدام تعلیمی میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور طلبہ کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔
کبڈی میچ کے دوران کھلاڑی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا
مینا خان آفریدی نے بتایا کہ اب خیبر پختونخوا کے کالجز اور جامعات میں چار سمسٹرز یعنی دو سال پر مشتمل ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کو بی ایس پروگرامز کے ساتھ شامل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف انہی بی ایس پروگرامز کو ایسوسی ایٹ ڈگری میں بدلا گیا ہے جہاں طلبہ کی تعداد وقت کے ساتھ کم ہوتی جا رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے تحت طلبہ دو سال کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایسوسی ایٹ ڈگری حاصل کر سکیں گے، جس کے بعد وہ یا تو ملازمت کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں یا پھر تعلیم کو جاری رکھتے ہوئے کسی بھی کالج یا یونیورسٹی سے بی ایس ڈگری مکمل کر سکتے ہیں۔
صوابی: لڑکیوں کا روپ دھارنے والا ٹک ٹاکر گرفتار
یہ فیصلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے تحت ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز کو مزید تعلیم کے دروازے کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ماہرین تعلیم اور طلبہ نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے نہ صرف تعلیم کا معیار بہتر ہوگا بلکہ معاشی دباؤ کے شکار طلبہ کو بھی ریلیف ملے گا۔