’’معصوم‘‘ ایک جذبہ، ایک زخم، ایک کہانی

’’معصوم‘‘ ایک جذبہ، ایک زخم، ایک کہانی


ہم ٹی وی سے پیش کیے جانے والے نئے ڈرامے ’’معصوم‘‘ کی کہانی ہے صرف محبت یا وفا کی نہیں بلکہ جذبوں کے ٹکراو، رشتوں کی نزاکت اور انسان کی کمزوریوں کا ایک ایسا کینوس ہے۔ جس پر ہر رنگ اپنی شدت کے ساتھ ابھرتا ہے۔

یہ وہ داستان ہے جس میں ہر کردار اپنے وجود کے ساتھ ایک سوالیہ نشان بن کر سامنے آتا ہے۔ اور ناظرین کو اپنے فیصلوں پر غور کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

ہم ٹی وی جو ہمیشہ معاشرتی اور انسانی رشتوں کی گہرائی کو چھوتے ہوئے ڈرامے پیش کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ ایک بار پھر ’’معصوم‘‘ کے ذریعے ناظرین کو ایک ایسی دنیا میں لے جا رہا ہے جہاں ہر جذبہ اپنی انتہا کو چھوتا ہے اور ہر رشتہ ایک نئی آزمائش میں الجھتا ہے۔

کہانی کا مرکزی کردار دلشاد فیصل آبادی ہے جسے عمران اشرف ادا کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا نوجوان ہے جس کی سادگی اور خلوص دل کو چھو لینے والے ہیں۔ دلشاد کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ وہ اپنی آواز کے ذریعے پہچان حاصل کرے۔ اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے اور اپنی قسمت خود تراشے۔

عمران اشرف نے اس کردار کو اپنی بے مثال اداکاری کے ذریعے اس انداز میں نبھایا ہے کہ ناظرین اس کے درد، اس کی خواہشات اور اس کی بے بسی کو اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں۔ دیہات کی خاموش فضاؤں سے نکل کر وہ شہر کی چمکتی ہوئی روشنیوں کا رخ کرتا ہے۔ لیکن یہ نہیں جانتا کہ یہ روشنی اس کی زندگی کو اجالنے کے بجائے مزید اندھیروں میں دھکیل دے گی۔

اس شہر میں دلشاد کی ملاقات ہوتی ہے نیلو سے جو شوخ و شنگ، ذہین اور دلکش ہے۔ سونیا حسین نیلو نے اس کردار کو نہ صرف حقیقت کے قریب ترین انداز میں نبھایا ہے۔ بلکہ نیلو کے جذبات، اس کی معصومیت اور اس کی مجبوریوں کو ایک ایسا رنگ دیا ہے کہ ناظرین اس کے دکھ کو اپنے دل پر محسوس کرتے ہیں۔ نیلو دلشاد کی سادگی، خلوص اور اس کی آواز سے اتنی متاثر ہوتی ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے دلشاد کی محبت میں گرفتار ہو جاتی ہے۔

دونوں کا رشتہ ابتدا میں ایک خواب کی مانند لگتا ہے۔ ایک ایسا خواب جو خوشبو اور روشنی سے بھرا ہوا ہے لیکن وقت کا پہیہ جب اپنی بے رحم رفتار س گھومتا ہے تو یہ خواب حقیقت کے کڑوے ذائقے میں بدلنے لگتا ہے۔ قسمت نیلو کو اس راستے پر لے آتی ہے جس کا نہ اس نے کبھی سوچا تھا اور نہ چاہا تھا۔ وہ وجدان کی بیوی بن جاتی ہے، جس کا کردار میکال ذوالفقار اپنی مضبوط اور شاندار اداکاری کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ وجدان ایک بااثر اور باوقار شخصیت ہے۔ ایک ایسا انسان جو عملی سوچ رکھتا ہے اور اپنی زندگی کو حقیقت پسندی کے اصولوں پر جینے کا عادی ہے۔

نیلو کے لیے یہ شادی ابتدا میں محض ایک قید اور ایک مجبوری ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ اپنے حال کو قبول کرنے لگتی ہے۔ ایک مشرقی عورت کی طرح وہ اپنے شوہر اور اپنے نئے گھر کو اپنانے کی کوشش کرتی ہے۔ رفتہ رفتہ یہ رشتہ اس کے لیے ایک سچائی اور ایک نیا سہارا بننے لگتا ہے۔

دوسری طرف دلشاد کے لیے یہ سب کچھ کسی قیامت سے کم نہیں۔ اس کے لیے نیلو کی شادی اس کی روح پر لگا ایک زخم ہے۔ اس کی محبت سے غداری ہے۔ دلشاد اپنے دل میں اٹھنے والے طوفان کو قابو میں نہیں رکھ پاتا اور اسی لمحے سے کہانی ایک نئے موڑ پر پہنچ جاتی ہے۔ اب اس کی زندگی کا مقصد صرف اور صرف ایک ہے یعنی اپنی کھوئی ہوئی محبت کو واپس پانا۔ یہ جنون،  ضد اور تڑپ اس کے وجود کو جلا کر راکھ کرنے لگتی ہے۔ محبت کے اس خالص جذبے میں اب ایک بے قراری اور ایک زہر شامل ہو چکا ہے۔

وجدان بھی اپنی زندگی کے سب سے بڑے امتحان سے گزرتا ہے۔ جب اسے اپنی پہلی بیوی اور نیلو کے درمیان فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔ ادھر نیلو بھی اپنی روح کے دو حصوں میں بٹ جاتی ہے۔ ایک طرف اس کا ماضی ہے۔ وہ خالص محبت جو دلشاد کے ساتھ اس نے محسوس کی تھی اور دوسری طرف اس کا حال ہے۔ ایک ذمہ دار شوہر اور ایک نیا گھر جو اس کی حقیقت ہے۔ وہ ایک مشرقی عورت کی طرح تذبذب میں مبتلا ہوجاتی ہے۔ کہ وہ ماضی کی طرف لوٹے یا حال کو اپنا لے؟ یہ کشمکش نہ صرف نیلو کے دل کو توڑ دیتی ہے بلکہ ناظرین کو بھی سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ اگر وہ اس کی جگہ ہوتے تو کیا فیصلہ کرتے؟

’’معصوم‘‘ میں محبت صرف ایک جذبہ نہیں بلکہ ایک امتحان ہے۔ وفا ایک قربانی ہے اور ہر فیصلہ ایک نئی قیمت مانگتا ہے۔

یہ کہانی ناظرین کو اس کڑوے سوال سے روبرو کرتی ہے کہ آخر محبت اہم ہے یا وفا؟ جذبات کی شدت جیتتی ہے یا سماجی ذمہ داریاں؟ ہر کردار اپنی جگہ پر ایک نئی حقیقت اور ایک نئی بحث کو جنم دیتا ہے۔ دلشاد کا جنون، نیلو کی کشمکش اور وجدان کی حقیقت پسندی۔ یہ سب مل کر ایک ایسا طوفان برپا کرتے ہیں جس میں ناظرین خود کو ڈوبتا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

کانٹینٹ لائن کی حقیقت پسندانہ تحریر نے ’’معصوم‘‘ کو وہ گہرائی دی ہے۔ جس میں ہر لفظ ایک دھڑکن کی مانند محسوس ہوتا ہے۔ برکت صدیقی کی باریک بینی اور ہدایتکاری نے اس کہانی کو اسکرین پر زندہ کر دیا ہے۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز اور پرومیکس میڈیا کی شاندار پروڈکشن نے اسے ایک ایسے شاہکار میں ڈھالا ہے جو ناظرین کو اپنی گرفت میں لینے کی پوری طاقت رکھتا ہے۔

کاسٹ کی شاندار پرفارمنس اس ڈرامے کو مزید جان بخشتی ہے۔ عمران اشرف دلشاد کے کرب اور جنون کو اپنی آنکھوں اور لہجے سے اس طرح ظاہر کرتے ہیں کہ کردار ناظرین کے دل میں اتر جاتا ہے۔ سونیا حسین نیلو کی کشمکش اور قربانیوں کو اس شدت سے جیتی ہیں کہ ناظرین اس کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھنے لگتے ہیں۔ میکال ذوالفقار وجدان کے کردار میں ایک مضبوط مگر نرم دل انسان کا روپ دکھاتے ہیں۔ جو نہ صرف حقیقت پسند ہے بلکہ دل سے محبت کرنے والا بھی ہے۔ ان سب کے ساتھ دیگر اداکار جیسے سدرہ نیازی، وسیم عباس، نوین نقوی، شائستہ جبیں اور ابو ہریرہ بھی کہانی کو وہ گہرائی اور حقیقت دیتے ہیں جو اسے مکمل بناتے ہیں۔

معصوم، ناظرین کو ایک ایسی دنیا میں لے جاتا ہے۔ جہاں محبت اور وفا کا تصادم ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی مانند ہے۔ ہر موڑ پر جذبات کی شدت ہے، ہر لمحے ایک نیا امتحان ہے اور ہر فیصلہ ایک نئی قربانی مانگتا ہے۔ یہ ڈرامہ نہ صرف محبت کرنے والوں کو اپنی گرفت میں لیتا ہے۔ بلکہ ان سب کو بھی چھو لیتا ہے جو رشتوں کی نزاکت اور ان کی قیمت کو سمجھتے ہیں۔

’’معصوم‘‘ ایک آئینہ ہے جو ہمیں دکھاتا ہے کہ محبت کتنی حسین ہے۔ اور کتنی ظالم، وفا کتنی مقدس ہے اور کتنی مشکل۔ یہ وہ کہانی ہے جو ناظرین کے دلوں پر اپنی گہری چھاپ چھوڑے گی۔ اور ہر قسط کے بعد انہیں مزید انتظار میں ڈال دے گی۔

ڈرامہ صرف دیکھنے کے لیے نہیں بلکہ محسوس کرنے کے لیے ہے۔ یہ ایک ایسی صدا ہے جو دل کے نہاں خانوں میں گونجتی ہے۔ ایک ایسا زخم ہے جو بھرتا نہیں بلکہ ہر لمحے یاد دلاتا ہے۔ کہ محبت اور وفا کے درمیان انتخاب ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ ’’معصوم‘‘ دراصل ایک جذباتی طوفان ہے۔ جو ہر دیکھنے والے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور یہی اس کی اصل طاقت ہے۔

معصوم کے دیگر اداکاروں میں سدرہ نیازی، وسیم عباس، نوین نقوی، شائستہ جبیں اور چائلڈ اسٹار ابو ہریرہ سمیت دیگر نمایاں نام شامل ہیں۔ ان فنکاروں کی شاندار اداکاری کہانی کو ناظرین کے دل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’’معصوم‘‘ ہر اتوار کی شب 8 بجے ہم ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top