وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ سیلابی صورتحال گزشتہ چاردہائیوں میں سب سے شدید ہے،سیالکوٹ میں موسلادھار بارشوں کے باعث پانی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ سے تباہی ہوئی۔
وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین کی بروقت امداد پرمتعلقہ اداروں کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرزاور ریسکیو 1122 کی تعریف کی، ریسکیو ٹیموں نے 43 ہزارافراد کومحفوظ مقامات پرمنتقل کیا جوقابل تحسین ہے۔
پنجاب میں سیلابی صورتحال،ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی
مریم نوازنے کہا کہ بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کے بعد سیلابی صورتحال مزید بگڑی جبکہ دریائے ستلج، راوی اورچناب میں اس وقت اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
انتظامیہ کو ہدایت دی کہ خطرے سے دوچارعلاقوں سے فوری انخلا یقینی بنایا جائے، تمام ریلیف کیمپس میں سہولیات بہترکی جائیں اورصحت، خوراک، پانی سے پیدا ہونیوالی بیماریوں کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں انہوں نے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ ایک ہی خاندان کے 5 افراد پانی میں بہہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ فصلوں اورمویشیوں کے نقصانات محدود ہیں اورحکومت متاثرین کی مکمل مدد کریگی انہوں نے ہدایت دی کہ پانی اترنے کے بعد سڑکوں اورپلوں کی بحالی فوری طورپرشروع کی جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کل سیالکوٹ اورنارووال کا دورہ کریں گی تاکہ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے سکیں اورمشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے۔